مری شہر کی تمام مرکزی اور رابطہ شاہراہوں پر ٹریفک مکمل طور پر بحال ہے اور آمد و رفت معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
یہ بات ترجمان سٹی ٹریفک پولیس مری نے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شاہراہوں پر ٹریفک مکمل کنٹرول میں ہے اور ٹریفک پولیس کے اہلکار فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔
ٹریفک صورتحال مکمل کنٹرول میں
چیف ٹریفک آفیسر مری عمران رزاق نے کہا ہے کہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک اہلکار اہم مقامات، پوائنٹس اور شاہراہوں پر موجود ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
برفباری کے پیش نظر سیاحوں کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری
ترجمان ٹریفک پولیس مری کے مطابق دورانِ برفباری سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ مری آنے سے قبل موسم اور ٹریفک کی تازہ صورتحال ضرور حاصل کریں۔
سفر سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ ضروری
ڈی ٹی او مری کے مطابق سیاح روانگی سے پہلے اپنی گاڑی کو مکمل طور پر چیک کریں، جبکہ برفباری کے موسم میں فور وہیل ڈرائیو گاڑی کو ترجیح دی جائے۔
چیف ٹریفک آفیسر عمران رزاق نے کہا کہ ٹائر چین لازمی ہمراہ رکھیں اور گاڑی سلپ ہونے کی صورت میں فوراً چین کا استعمال کریں۔
دورانِ سفر احتیاطی تدابیر
ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری جلد بازی سے گریز کریں۔
برفباری کے دوران گاڑی میں گرم کپڑے، کمبل، خشک میوہ جات اور دیگر ضروری اشیاء لازمی رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں مشکلات سے بچا جا سکے۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے زور دیا ہے کہ پوائنٹس پر موجود ٹریفک وارڈنز اور افسران کی ہدایات پر عمل کیا جائے کیونکہ یہ اقدامات مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لین لائن کی سختی سے پابندی کی جائے، کسی صورت ڈبل لائن نہ بنائی جائے، سڑک پر کھڑے ہو کر سلفیاں بنانے سے گریز کیا جائے اور رانگ پارکنگ ہرگز نہ کی جائے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری اور سیاح ٹریفک کنٹرول روم مری کی ہیلپ لائن 051-9269200 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
موسم کی تازہ صورتحال
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق موسم کی تازہ صورتحال کے پیش نظر شام کے وقت بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سیاحوں کو مزید احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














