پاکستان میں جاپان کے سفارتخانے نے دی جاپان فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاپانی کامیڈی اور سائنس فکشن فلم ‘Mondays: See You ‘This’ Week!’ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔ فلم کی اسکریننگ سفارتخانے کے احاطے میں منعقد کی گئی، جس میں ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور فلم بینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سال 2022 میں بننے والی یہ فلم جاپانی زبان میں ہے جبکہ اس کے ساتھ انگریزی سب ٹائٹلز فراہم کیے گئے تھے۔ فلم کے ہدایتکار ریو تاکے بایاشی ہیں جبکہ کہانی سائری ناتسوؤ اور ریو تاکے بایاشی نے تحریر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: علی صدپارہ اور جان سنوری پر بنائی گئی ڈاکومنٹری کی بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں بھرپور پذیرائی
فلم ایک چھوٹی اشتہاری ایجنسی کے ملازمین کی کہانی بیان کرتی ہے جو ایک ہی کام کے ہفتے میں بار بار پھنس جاتے ہیں، اور مزاحیہ انداز میں زندگی کے روزمرہ دائرے سے نکلنے کا پیغام دیتی ہے۔
جاپانی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا کہ جاپان فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان میں کئی دہائیوں سے جاپانی فلم شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد پاکستانی عوام کو جاپانی ثقافت، روایات، طرزِ زندگی اور معاشرت سے روشناس کرانا ہے۔
تقریب میں شریک فلم بینوں نے جاپانی سینما کی تخلیقی صلاحیت اور مزاح کو خوب سراہا۔ جاپانی زبان کے طالب علم حماد نے فلم کو پسند کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کے ذریعے جاپانی دفتری ثقافت اور ٹیم ورک کی مضبوطی کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملا۔ جاپانی زبان کی استاد آمنہ آصف نے کہا کہ فلم میں دکھایا گیا ٹائم لوپ کا تصور یہ سبق دیتا ہے کہ زندگی اس طرح گزاری جائے کہ کوئی پچھتاوا نہ رہے۔
یہ بھی پڑھیے: غیر معمولی ذہین اور پینٹنگ کی شوقین جاپانی چمپینزی 49 برس کی عمر میں چل بسی
اس موقع پر جاپانی سفارتخانے میں ثقافتی و عوامی امور کے کونسلر تاکانے کازوماسا نے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم ایک ثقافتی پل کے طور پر کام کرتی ہے اور جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ روابط کو مزید فروغ دیتی ہے۔













