وفاقی وزیر ریلوے و ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ اس نے نوجوان نسل کے ذہنوں کو زہر سے بھر دیا ہے۔
جناح ہاؤس دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے مجھے کچھ معلوم نہیں مگر اس وقت مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ کو سانحہ 9 مئی پر افواج پاکستان سے معافی مانگنی چاہیے کیوں کہ جو کام تحریک طالبان اور بھارت نہ کر سکے وہ ایک سیاسی جماعت نے کر دکھایا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات آگے چل رہے تھے اور الیکشن کی تاریخ پر بھی فیصلہ ہو جانا تھا مگر عمران خان نے بات چیت کو سبو تاژ کیا۔ اب مذاکرات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے ان سے کون بات کرے گا۔
سانحہ 9 مئی کے ملزموں کو سزا کے لیے کوئی نیا قانون نہیں بنےگا
انھوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث لوگوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ کوئی نیا قانون نہیں بنے گا آرمی ایکٹ کے تحت ہی تحقیقات ہوں گی جس کے بعد سزا کے خلاف 3 اپیلوں کی گنجائش ہو گی اگر کوئی بیگناہ ہوا تو چھوڑ دیا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو زہر کے انجکشن لگا کر یہ سمجھ رکھا تھا کہ ہم سب کچھ الٹا دیں گے مگر ایسا نہیں ہو سکتا۔ آئینی مدت کے مطابق انتخابات ہوں گے۔ وفاقی حکومت اپنی مدت سے ایک دن بھی آگے نہیں جانا چاہتی۔
سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کے مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں معلوم کہ کیا ہو گا کیوں کہ جناح ہاؤس پر حملہ سانحہ عظیم ہے جس کی تاریخی حیثیت قائد اعظم کے حوالے سے ہے۔ یہاں پر دھاوا بولنے والوں نے کچھ یادگار اشیا بھی جلا دیں۔ اب ان سے کیا توقع کی جا سکتی ہے۔
کئی بار اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف ہوا مگر اندر نہیں گھسے
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کئی بار اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف ہوا مگر اندر گھسنے کا کبھی نہیں سوچا۔ پرویز مشرف کے دور میں روزانہ احتجاج کرتے رہے مگر کنٹونمنٹ کے اندر نہیں گئے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ملک پر نقاب پوش مارشل لا لگا ہوا تھا لیکن معلوم تھا کون کیا کررہا ہے مسلح افواج کو شرمندہ نہیں کر سکتے وہ تو جانیں دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج دُہری جنگ لڑ رہی ہے ایسی صورت میں کیسے لڑائی کر سکتے ہیں۔ فوج نے 9 مئی کو انتہائی دانشمندی سے کام لیا کیوں کہ ان لوگوں نے تو جی ایچ کیو پر بھی حملہ کیا اور ایم ایم عالم کی عظمت کے ثبوت کو بھی جلا ڈالا۔