امریکی ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس الہان عمر پر منیاپولس میں منعقدہ ایک ٹاؤن ہال اجلاس کے دوران ایک شخص نے حملہ کیا اور ان پر بدبودار مائع چھڑک دیا۔
یہ واقعہ منگل کے روز اُس وقت پیش آیا جب الہان عمر منی سوٹا میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی کارروائیوں پر شدید تنقید کر رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ایوانِ نمائندگان نے الہان عمر کے خلاف سرزنش کی قرارداد مسترد کر دی
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص اچانک لیکچر اسٹینڈ کی جانب لپکا اور الہان عمر پر مائع چھڑک دیا۔
اسی لمحے ایک طاقتور شخص نے حملہ آور کو پکڑ کر زمین پر گرا دیا۔
A man who sprayed an unknown liquid on Democrat Rep. Ilhan Omar at a town hall event in Minneapolis late Tuesday was tackled and arrested, according to multiple news sources and video of the event. The town hall was about Immigration and Customs… https://t.co/UJcIIJ9Enn pic.twitter.com/1uZsn3rpqA
— The Western Journal (@WesternJournalX) January 28, 2026
الہان عمر نے ہاتھ اٹھا کر چند قدم اس کی طرف بڑھائے، تاہم حملہ آور کے قابو میں آتے ہی وہ مختصر وقفے کے بعد دوبارہ اپنی تقریر جاری رکھنے لگیں۔
پولیس کے مطابق موقع پر موجود افسران نے دیکھا کہ حملہ آور نے سرنج کے ذریعے ایک نامعلوم مائع الہان عمر پر چھڑکا۔
پولیس نے اسے فوری طور پر تیسرے درجے کے حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
مزید پڑھیں: نیشنل گارڈز پر حملے کے بعد، امریکا میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں اضافہ
پولیس کا کہنا ہے کہ الہان عمر محفوظ رہیں اور انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ فرانزک ماہرین کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔
حملے کے وقت الہان عمر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم پر تنقید کر رہی تھیں.
انہوں نے منیا پولس میں حالیہ ہفتوں کے دوران 2 امریکی شہریوں کی فائرنگ سے ہلاکت کے تناظر میں ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن کارروائیوں میں تیزی کے دوران پیش آئے۔
الہان عمر کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ میں اصلاح ممکن نہیں، اسے بہتر نہیں بنایا جا سکتا، ہمیں اسے ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا۔
’ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم کو استعفیٰ دینا ہوگا یا پھر مواخذے کا سامنا کرنا چاہیے۔‘
اسی دوران حملہ آور نے ان کی جانب بڑھتے ہوئے مائع چھڑکا اور کہا کہ آپ کو استعفیٰ دینا ہوگا۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ کیخلاف امریکا میں 2600 سے زائد مقامات پر ریلیاں اور احتجاج، مظاہرین کیا چاہتے ہیں؟
الہان عمر کو ماضی میں بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سیاسی تنقید کا سامنا رہا ہے، جنہوں نے ایک موقع پر انہیں ’کوڑا کرکٹ‘ قرار دیا تھا۔
منگل کے روز آئیوا میں ایک تقریر کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ الہان عمر امریکا سے محبت نہیں کرتیں۔
’انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ہمارے ملک سے محبت کرتے ہیں، انہیں فخر ہونا چاہیے، الہان عمر کی طرح نہیں۔‘













