پاکستان کے نامور فوٹوگرافر عرفان احسن کو فوٹوگرافی میں ستارۂ امتیاز کے لیے نامزد کیے جانے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا مؤقف ہے کہ عرفان احسن کی نامزدگی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی میں فوٹوگرافی کرنے کے باعث کی گئی ہے۔ ان ناقدین کے مطابق سرکاری اعزازات کو ذاتی یا سیاسی تعلقات سے بالاتر ہونا چاہیے۔
جنید صفدر کی شادی پر فوٹوگرافی کرنے والے فوٹوگرافر عرفان احسن ستارہ امتیاز کے لئے نامزد pic.twitter.com/fXHjPWOnzs
— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) January 27, 2026
دوسری جانب متعدد صارفین اور صحافیوں نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرفان احسن ایک پیشہ ور فوٹوگرافر ہیں جن کا کام کسی ایک سیاسی جماعت یا شخصیت تک محدود نہیں۔ ان کے مطابق سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ایک وائرل اور تاریخی تصویر بھی عرفان احسن ہی نے کھینچی تھی اس لیے انہیں کسی مخصوص سیاسی وابستگی سے جوڑنا درست نہیں۔
He is the same person who took Imran Khan's iconic PM portrait picture. https://t.co/VfLmYiq15Y
— Ramiz Nisar (@ramiznch) January 27, 2026
معروف صحافی ماجد نظامی کے مطابق 14 اگست 2025 کو جاری ہونے والی سرکاری فہرست میں عرفان احسن کا نام شامل کیا گیا تھا جنہیں فوٹوگرافی کے شعبے میں ستارۂ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا۔ یہ اعزاز انہیں 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کے موقع پر دیا جائے گا۔
فیکٹ چیک:
1) 14 اگست 2025 کو جاری فہرست میں عرفان احسن کا نام شامل ہے۔ انہیں آرٹس (فوٹو گرافی) کے شعبے میں ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ 23 مارچ 2026 کو انہیں اعزاز عطا کیا جائے گا۔
2) جنید صفدر کی 2021 میں ہونے والی پہلی شادی کے فوٹوگرافر بھی عرفان احسن ہی تھے۔ https://t.co/GWlBP6KCQ5— Majid Nizami (@majidsnizami) January 27, 2026
واضح رہے کہ عرفان احسن نے 2021 میں جنید صفدر کی پہلی شادی کی فوٹوگرافی بھی انجام دی تھی، وزیر اعلی پنجاب کی بیٹی ماہ نور صفدر کی شادی کے بھی فوٹو گرفرار بھی عرفان احسن ہی تھے تاہم ان کا پیشہ ورانہ کیریئر متعدد قومی و بین الاقوامی شخصیات، اہم تقریبات اور تاریخی لمحات پر محیط ہے۔
فوٹوگرافی کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ عرفان احسن کی نامزدگی کو ان کے مجموعی فنی کام، مہارت اور خدمات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے نہ کہ سوشل میڈیا قیاس آرائیوں کی بنیاد پر۔
عرفان احسن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انہیں یہ اعزاز اس وجہ سے دیا جا رہا ہے کہ انہوں نے فوٹوگرافی کے شعبے میں نوجوانوں کو متعارف کرایا، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے، اس پیشے کو ایک مثبت رجحان بنایا اور اسے بطور باوقار پیشہ شناخت دلانے میں کردار ادا کیا۔














