امریکی ریاست پنسلونیا کے شہر فلاڈیلفیا میں 4 سال قبل گم ہونے والا کتا بالآخر مالک کو مل گیا، مالک وسکونسن سے برفانی طوفان کے دوران طویل سفر کر کے اپنے پالتو جانور کو لینے پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپس نے ایک سال سے گمشدہ شخص کا معمہ حل کردیا
فلاڈیلفیا اینیمل کیئر اینڈ کنٹرول ٹیم کے مطابق رواں ماہ ایک آوارہ کتے کو تحویل میں لیا گیا، جسے معمول کے مطابق مائیکروچِپ اسکین کیا گیا۔ مائیکروچپ کے ذریعے اس کی شناخت سیپی کے نام سے ہوئی، جو اسی علاقے میں 4 سال قبل لاپتا ہونے کی رپورٹ میں درج تھا۔
سیپی کے مالک لیووِگِلڈو رامیرز نے بتایا کہ کتا 2022 میں اس وقت بھاگ گیا تھا جب خاندان گھر میں سامان رکھ رہا تھا۔ بعد ازاں وہ وسکونسن منتقل ہو گئے تھے تاہم انہوں نے امید کے ساتھ سیپی کا مائیکروچپ ریکارڈ مسلسل اپڈیٹ رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتا ’ایتھینا‘ کرسمس پر گھر لوٹ آیا
کتے کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی رامیرز شدید برفباری کے باوجود 16 گھنٹے کا سفر طے کر کے فلاڈیلفیا پہنچے اور اپنے پالتو جانور سے دوبارہ ملے۔
مالک کا کہنا تھا کہ سیپی ان کا بہترین دوست ہے اور 4 سال بعد اس سے ملاقات ناقابلِ یقین اور جذباتی لمحہ تھا۔














