پنجاب میں بسنت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں دھاتی اور کیمیکل ڈور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں بسنت فیسٹیول کو محفوظ بنانے کے لیے صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت ہے، خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: بسنت 2026 کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے لاہور میں سخت حفاظتی انتظامات
آئی جی پنجاب کے مطابق بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ لاہور میں بسنت صرف مخصوص دنوں میں اور سخت حکومتی شرائط کے تحت منانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 333 مقدمات درج اور 340 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 19 ہزار 324 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 612 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔
لاہور میں غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 167 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 2 ہزار سے زائد پتنگیں اور 451 ڈور چرخیاں ضبط کی گئیں۔
مفت سفری سہولیات کا اعلان
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بسنت فیسٹیول کے انعقاد کے لیے واضح قواعد و ضوابط طے کر دیے ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کو 10 لاکھ سیفٹی راڈز مفت فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ احتیاطی تدابیر اور حکومتی ایس او پیز سے متعلق مسلسل آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج، پتنگ سازوں کے پاس آرڈرز کی بھر مار
انہوں نے بتایا کہ ہر پتنگ، گڈے اور ڈور کے پنے پر خصوصی کیو آر کوڈ چسپاں کیا گیا ہے، جس کے ذریعے انتظامیہ کے پاس پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کا مکمل ڈیٹا موجود ہوگا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق بسنت کے 3 دنوں کے دوران الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیاں عوام کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بسنت کے تہوار کو ذمہ داری کے ساتھ منائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسے خوبصورت تہوار کی اجازت دی اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے۔














