ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان بھر میں فتنہ الہندوستان خوارج کے حملہ آوروں کے خلاف بھرپور سینیٹائزیشن اور فالو اپ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ہونے والی فالو اپ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 22 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں ان عناصر کے خلاف کی گئیں جو حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔
3 دن میں ہلاک خوارج کی تعداد 177 ہوگئی
ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 دنوں کے دوران مجموعی طور پر کم از کم 177 خوارج کو مختلف کارروائیوں میں ہلاک کیا جا چکا ہے، جو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور مربوط حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔
خوارج اور سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ
سیکیورٹی فورسز، جن میں انٹیلی جنس ایجنسیاں اور پولیس بھی شامل ہیں، متعدد مقامات پر خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بھارت نے پاکستان پر پراکسی جنگ مسلط کررکھی ہے، دہشتگردوں کو انہی کی زبان میں جواب مل رہا ہے، خواجہ آصف
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں ناکہ بندی، سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو مزید جانی و مالی نقصانات اٹھانا پڑے ہیں، جبکہ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور دہشتگرد نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔














