لاہور میں بسنت کی بحالی کے اعلان نے جہاں عوام میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، وہیں حکومتِ پنجاب کی جانب سے اسے ایک ذمہ دارانہ اور محفوظ تہوار بنانے کا عزم بھی سامنے آیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ بسنت صرف ایک علاقائی یا صوبائی تہوار نہیں بلکہ یہ پاکستان کے مثبت، ترقی پسند اور ثقافتی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ہے، جس کے لیے حکومت اور عوام دونوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت: لاہور میں ڈرون سے نگرانی، چھتوں کی رجسٹریشن اور زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
ثقافت، شناخت اور عالمی پیغام
مریم نواز نے کہا کہ بسنت محض ایک فیسٹیول نہیں بلکہ ایک اجتماعی جذبہ ہے جسے عوام نے غیر معمولی جوش کے ساتھ اپنایا ہے۔ ان کے مطابق اس تہوار کی بین الاقوامی حیثیت بھی ہے اور دنیا بھر میں لوگ اسے دیکھتے اور مناتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کلچر کو دنیا میں متعارف کرانے اور پاکستان کی ایک ترقی پسند تصویر دکھانے کے لیے بسنت سے بہتر موقع شاید ہی کوئی اور ہو۔

انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے یہ بیانیہ سننے کو ملتا رہا ہے کہ ملک کے حالات خراب ہیں، معیشت خطرے میں ہے اور یہاں کوئی سرگرمی ممکن نہیں، مگر اب حالات بدل رہے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں ترقی ہو رہی ہے، لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور خوشی منانا چاہتے ہیں، جس کے لیے ایک مثبت ماحول ضروری ہے۔
ذمہ داریاں، حفاظتی انتظامات اور پائلٹ پراجیکٹ
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بسنت کے انعقاد کے لیے نہایت باریک بینی سے سیکیورٹی پروٹوکولز اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز تیار کیے گئے ہیں۔ مریم نواز کے مطابق اس سال بسنت کو لاہور تک محدود رکھا جائے گا تاکہ اسے ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جانچا جا سکے۔ اس تجربے کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اسے دیگر شہروں تک بڑھایا جا سکتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فول پروف انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔

ترقی، خوشحالی اور ریاستی ذمہ داری کا تصور
وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو پنجاب کی ماں، بہن اور بیٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے گھر میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ خوشگوار ماحول قائم رکھیں، اسی طرح حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے ایسا ماحول بنائے جس میں وہ خود کو محفوظ اور خوش محسوس کریں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: بسنت کی آمد پر ٹریفک پولیس کی تیاریاں، 7 لاکھ موٹرسائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک طرف کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت سوا لاکھ سے زائد افراد کو گھر مل چکے ہیں، ہزاروں کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں، بیوٹیفکیشن کے سینکڑوں منصوبے، ہائی ویز اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹمز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ترقی صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں بلکہ عوام کو خوشی اور زندگی سے جڑے مواقع فراہم کرنا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔












