آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس، نے بدھ کے روز کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور اندرونی سیکیورٹی آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:’کشمیر پر جو کہا کر دکھایا‘، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے واضح مؤقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند
بریفنگ میں حالیہ دہشتگرد حملوں، ان کے پس پردہ بھارتی حمایت یافتہ بین الاقوامی طور پر نامزد دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے کردار اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور جارحانہ ردعمل سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

اس موقع پر ریاست کی رٹ مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشتگرد یا اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلامی فوجی انسداد دہشتگردی اتحاد کے سیکریٹری جنرل کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
آرمی چیف نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر ان کی خدمات کی تعریف کی۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی جرات و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔














