خواجہ سرا حنا گل جو باعزت روزگار کے حصول کا ہنر جانتی ہیں

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کی باہمت اور ہنر مند خواجہ سرا حنا گل اس اعتبار سے دوسری خواجہ سراؤں سے مختلف ہیں کہ انہوں نے روایتی طور پر رقص یا گداگری کی بجائے خود کو ایک باوقار روزگار سے جوڑا۔

حنا گل اپنی گزر اوقات کے لیے گزشتہ 22 سے 23 سال سے گھر میں آرٹ اینڈ کرافٹ کے فن پارے تیار کرکے انہیں فروخت کر ر ہی ہیں۔ آرٹ ورک خصوصاً گڑیاں بنانے کا شوق انہیں بچپن سے ہی تھا۔

ابتدا میں انہوں نے بھی دیگر خواجہ سراؤں کی طرح خود کو ناچ گانے تک محدود رکھا لیکن پھر انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ ایسا روزگار اپنایا جائے جو انہیں معاشرے کا اہم جز بنائے اس وجہ سے انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کو روزگار کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

حنا گل کہتی ہیں کہ کورونا وبا کے دوران انہیں اپنے اس کاروبار کو مزید وسعت دینے کا خیال آیا جس کی وجہ یہ تھی کہ ان دنوں معاشی سرگرمیاں سکڑ گئی تھیں اور عوام گھروں میں بند  ہو کر رہ گئے تھے۔ اسی بنا پر حنا گل نے گھر میں رہتے ہوئے خوب صورت گڑیاں بنانی شروع کردیں جن کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ روایتی و ثقافتی روپ میں ہوتی ہیں۔

حنا گل کے مطابق وہ بازار سے یہ گڑیاں خرید کر لاتی ہیں اور پھر انہیں روایتی و علاقائی لباس سے آراستہ کرتی ہیں اور ساتھ ہی ان کے مقامی نام بھی رکھ دیتی ہیں۔

ان گڑیوں کی ڈیزائنگ میں وہ کسی بھی صورت انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کرتیں بلکہ اُن کے ذہن میں جو ڈیزائن آتا ہے اسی کی مدد سے ان گڑیوں کو بنانے سنوارنے کی کوشش کرتی ہیں اور اس طرح دن بھر میں 3 سے 4 چار گڑیاں تیار کرلیتی ہیں۔

حنا گل کا کہنا ہے کہ ان کی گڑیوں کی پہلی بار کراچی کے ایک ہوٹل میں جب نمائش ہوئی تو وہ خاصے تذبذب اور پریشانی کا شکار تھیں اور انہیں رہ رہ کر بس یہی خیال آرہا تھا کہ ان کی گڑیاں فروخت ہو بھی پائیں گی یا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہیں یہ بھی خدشہ تھا کہ کہیں لوگ روایتی گڑیاں دیکھ کر انہیں طنز و مذاق کا نشانہ نہ بنائیں لیکن ان کے تمام تر خدشات اس وقت دور ہوگئے جب صرف 3 گھنٹوں میں ان کی تمام گڑیاں فروخت ہوگئیں جس نے ان کے اندر نیا حوصلہ اور لگن جگا دی۔

حنا گل کی صرف کراچی میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں اور غیر ممالک میں بھی گڑیوں کی  مختلف نمائشیں ہوچکی ہیں۔ ان گڑیوں کی قیمتیں مختلف ہوتی ہیں اور وہ خریدار دیکھ کر ہی ان کی قیمتوں کا تعین کرتی ہیں۔

انہوں نے دیگر خواجہ سراؤں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سڑکوں پر گداگری یا ناچ گانے کی بجائے کسی باعزت شعبے سے منسلک ہوکر وقار کے ساتھ خود کو بااختیار بنائیں۔ اس سلسلے میں حنا گل ساتھی خواجہ سراؤں کو گڑیاں بنانے کا یہ فن سکھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

تن تنہا اس شعبے سے منسلک ہونے والی حنا گل کے مطابق ان کی راہ میں رکاوٹیں تو بہت آئیں لیکن انہوں نے کسی بھی مرحلے پر ہمت نہیں ہاری۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp