پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے ہفتے کے روز افغانستان کے وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللہ گرباز کی براہِ راست سائننگ اور بعد ازاں ان کی دستبرداری پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی تک شیڈول ہے۔ 2017 کی چیمپئن ٹیم پشاور زلمی نے جمعرات کو گرباز کو نامعلوم معاوضے پر اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم 24 سالہ افغان کرکٹر نے آج ‘ذاتی مصروفیات’ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی۔
یہ بھی پڑھیے: افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز پی ایس ایل 11 سے دستبردار
گرباز نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ کچھ ذاتی وجوہات کی بنا پر پی ایس ایل میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ افغانستان واپس جائیں گے اور اپنی فاؤنڈیشن کے کام پر زیادہ توجہ دیں گے۔
چند گھنٹوں بعد پشاور زلمی نے تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ گرباز کی سائننگ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) سے مکمل این او سی حاصل کرنے کے بعد کی گئی تھی اور یہ اقدام پی ایس ایل کے ضوابط کے عین مطابق تھا۔
فرنچائز کے مطابق گرباز دستیاب کھلاڑیوں کی فراہم کردہ سرکاری فہرست میں بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فیصلہ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ کی بنیادوں پر کیا گیا اور اس میں کسی بھی قسم کی غیر متعلقہ مداخلت شامل نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کے لیے افغان اسٹار رحمان اللہ گرباز کو سائن کر لیا
پشاور زلمی نے مزید اعلان کیا کہ گرباز کی جگہ نئے براہِ راست سائن کیے جانے والے کھلاڑی کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ براہِ راست سائننگ سے قبل پشاور زلمی نے تاریخی پلیئرز آکشن، جو 11 فروری کو منعقد ہوگا، سے پہلے چار قومی کرکٹرز کو برقرار رکھا تھا۔ ان میں اسٹار بلے باز بابر اعظم پلاٹینم کیٹیگری میں 7 کروڑ روپے کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ سفیان مقیم ڈائمنڈ کیٹیگری (4 کروڑ 48 لاکھ روپے)، عبدالصمد گولڈ کیٹیگری (2 کروڑ 80 لاکھ روپے) اور علی رضا ایمرجنگ کیٹیگری (1 کروڑ 96 لاکھ روپے) میں شامل ہیں۔














