وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہوریوں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے بسنت فیسٹیول کے اوقات صبح 5 بجے تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بسنت کے اوقات میں اضافہ شہریوں کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور میں بسنت کے ناقابل فراموش ویک اینڈ پر سی این این کی خصوصی کوریج
بسنت موسمِ بہار کی آمد کی علامت ہے اور 2007 میں عائد پابندی کے باعث یہ تہوار برسوں تک نہیں منایا جا سکا۔ ماضی میں دھاتی اور شیشے لگی ڈور کے استعمال، چھتوں سے گرنے اور کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے بعد اس پر پابندی لگائی گئی تھی۔ تاہم اب سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ اسے محدود مدت کے لیے بحال کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ پتنگیں صرف مجاز فروخت کنندگان سے خریدی جائیں، جبکہ حکام کے مطابق ایک لاکھ سے زائد پتنگیں ضبط بھی کی جا چکی ہیں۔ بسنت کی واپسی پر طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پتنگیں اپنی اصل قیمت سے چار گنا تک فروخت ہو رہی ہیں اور مرکزی مقامات کی چھتیں لاکھوں روپے میں کرائے پر دی جا رہی ہیں۔ چند ہی دنوں میں کروڑوں روپے مالیت کی پتنگوں کی فروخت کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد بسنت کی بحالی نے شہر میں خوشی اور رونقیں لوٹا دی ہیں، تاہم انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔














