ایڈن مارکرم کی شاندار نصف سنچری اور لنگی اینگیڈی کی 4 وکٹوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ جواب میں کینیڈا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 156 رنز ہی بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اور پاکستان و بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے مذاکرات، بنگلہ دیشی ٹیم پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا، اعلامیہ
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کاک نے شاندار انداز میں کیا اور ابتدائی 7 اوورز میں 70 رنز جوڑ دیے۔ کینیڈا کو پہلی کامیابی 7ویں اوور کی آخری گیند پر ملی جب کپتان دلپریت باجوا نے ڈی کاک کو آؤٹ کیا۔ ڈی کاک نے 22 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔
مارکرم نے ریان رکلٹن کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت قائم کی اور 12ویں اوور میں انش پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 59 رنز بنائے جن میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ریان رکلٹن نے 22 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ دیوالڈ بریوس صرف 6 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ تنازع پر آئی سی سی کے ساتھ چیزیں چل رہی ہیں، ہم کسی سے ڈرتے نہیں، محسن نقوی
ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹن اسٹبس نے پانچویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 75 رنز کی شراکت قائم کی۔ ملر نے 23 گیندوں پر 39 اور اسٹبس نے 19 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینیڈا کی جانب سے نوینیت دھالیوال نے مزاحمت کی اور 49 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ انہوں نے ہرش ٹھاکر کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 69 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹھاکر نے 29 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ مارکو یانسن نے 2 جبکہ کاگیسو ربادا اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سب سے دلچسپ 5 میچز جن پر فینز کی نظر ہوگی
کینیڈا کی جانب سے انش پٹیل نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔














