وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ پنک گیمز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی قیادت اور صوبے میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بڑی توسیع کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کو پنجاب میں یوتھ کا سال قرار دیا جا رہا ہے اور اسی سال ایک جدید اسپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
خواتین ہر میدان میں آگے بڑھ سکتی ہیں
وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ پنجاب کی بیٹیاں کبڈی، کرکٹ، فٹبال، ہاکی، نیٹ بال، سوئمنگ، رننگ، ایتھلیٹکس، شطرنج، کراٹے، بیڈمنٹن، رگبی، باسکٹ بال، سائیکلنگ اور ٹگ آف وار سمیت ہر کھیل میں حصہ لے سکتی ہیں اور نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عورت نہ صرف کھیلوں میں بلکہ قیادت کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے، وہ چیف منسٹر بھی بن سکتی ہے اور ملک کے مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے۔
عورت نہ صرف کھیلوں میں بلکہ قیادت کے میدان میں بھی آگے بڑھ سکتی ہے، وہ چیف منسٹر بھی بن سکتی ہے اور ملک کے مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے ، مریم نواز شریف pic.twitter.com/uOds3QhRyi
— WE News (@WENewsPk) February 11, 2026
انہوں نے کہا کہ آج وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہیں کہ پنجاب کی بچیاں مردوں سے بڑھ کر صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ہر بچی اپنے گھر، خاندان، معاشرے، صوبے اور ملک کا مستقبل ہے۔ یہ آسمان بھی ان کا ہے، یہ زمین بھی ان کی ہے اور یہ میدان بھی انہی کا ہے۔
کھیلتا پنجاب مہم کو نچلی سطح تک لے جانے کا اعلان
مریم نواز نے کہا کہ ‘کھیلتا پنجاب‘ صرف کھیلوں کا ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جسے یونین کونسل کی سطح تک لے جایا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں کی بچیوں کو مواقع مل سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان اکیلا نہیں، پنجاب ہمیشہ اس کے ساتھ ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا کوئٹہ میں خطاب
انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 2026 میں ایک مکمل اسپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا، جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے مواقع میسر آ سکیں۔
حکومت کا دائرہ کار صرف سڑکیں نہیں
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا کام صرف سڑکیں، ٹرانسپورٹ یا اسپتال بنانا نہیں، اگرچہ یہ تمام منصوبے جاری ہیں۔ ان کے بقول انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے خوشیوں کے مواقع پیدا کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
– Merit and Talent has no gender –
What a powerful msg by Super CM @MaryamNSharif
Love you CM 💖#PinkGames#Khelta_Punjab pic.twitter.com/blEyIbD9zb
— Nausheen Adnan (@inausheenadnan) February 11, 2026
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کے کسی بھی شہر سے تعلق رکھنے والی ہر بیٹی خود کو محفوظ محسوس کرے اور بلا خوف و خطر اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے آگے بڑھے۔
سیکیورٹی اور ریپ کیسز میں کمی کا دعویٰ
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث ریپ کیسز میں 72 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بچیاں خود کو محفوظ محسوس نہیں کریں گی، وہ آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ والدین اطمینان کے ساتھ اپنی بیٹیوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور میدان میں کامیابی حاصل کرنے کی اجازت دیں۔
چیف منسٹر پورٹل کا اجرا
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ’چیف منسٹر آپ‘ کے نام سے ایک پورٹل بھی لانچ کیا گیا ہے جہاں نوجوان اپنے مسائل، تجاویز، منصوبے اور آئیڈیاز براہِ راست شیئر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موصول ہونے والی تجاویز پر خود توجہ دی جائے گی۔
بسنت کے ذکر پر عوام کا جوش
خطاب کے دوران انہوں نے پنجاب میں بسنت کی تقریبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے اس تہوار کو بھرپور انداز میں منایا۔ انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ کیا یہ تقریبات ہر سال ہونی چاہیں؟، جس پر مجمع نے پرجوش انداز میں حمایت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز نے شیخ زید اسپتال کوئٹہ میں بیگم کلثوم نواز کارڈیالوجی ونگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے لیے یہ ایک نئی تحریک اور انقلاب کا آغاز ہے، اور حکومت ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔













