نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اکنامک پاکستان امریکن کونسل (ای پیک) اور یونائیٹڈ مسلم امریکن ایسوسی ایشن (یو ایم اے اے) کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں امریکی نجی شعبے کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں نجی شعبے کی شمولیت نہایت اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں سول سوسائٹی تنظیموں کی خدمات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ عوام سے عوام کے تعلقات دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈیووس میں پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔














