2023 میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کئی حوالوں سے ایک جیسے رہے جس نے شائقین کو بھرپور انداز میں محظوظ کیا۔
پی ایس ایل کا فائنل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا گیا جس کا فیصلہ آخری بال پر ہوا اور وہ میچ لاہور نے محض ایک رن سے اپنے نام کرلیا۔ اسی طرح گزشتہ روز گجرات ٹائٹنز اور چنائے سپر کنگز کے درمیان کھیلے جانا والا فائنل بھی آخری بال پر اختتام پزیر ہوا اور چنائے نے یہ میچ 5 وکٹوں سے جیت کر پانچویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ان دونوں فائنلز میں دوسری مماثلت یہ تھی کہ دونوں فائنلز میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں کو 13 رنز درکار تھے۔
مزید پڑھیں
پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان کو جیت کے لیے 4 رنز چاہیے تھے مگر وہاں یہ ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا جبکہ کل رات کھیلے جانے والے آئی پی ایل فائنل میں بھی آخری بال پر 4 رنز چاہیے تھے اور رونڈرا جڈیجا نے چوکا مار کر یہ کارنامہ انجام دے دیا۔
پی ایس ایل فائنل میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 201 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن آخری اوور میں 13 رنز نہ بن سکے اور آخری بال پر 2 رنز کی دُوری سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں دوسری بار پی ایس ایل ٹرافی لاہور قلندرز کے نام ہوئی۔
دوسری جانب آئی پی ایل 2023 کے فائنل میں گجرات ٹائٹنز نے 214 رنز کا ہدف دیا تھا مگر بارش کی وجہ سے میچ کو ڈک ورتھ لوئس کے تحت 15 اوورز تک محدود کرلیا گیا اور جیت کے لیے 171 رنز بنانے تھے۔
چنائے سپر کنگز کے کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کی اور 15 اوورز میں 171 رنز کے تعاقب میں میچ کو آخری اوور تک پہنچایا اور آخری اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر یہ ہدف حاصل کرکے پانچویں بار آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی۔