چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ظل شاہ قتل کیس سمیت 9مئی کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرا دیے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی ) لاہور میں پیش ہوئے۔
عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد کے سامنے پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔
عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظورکر رکھی ہے۔
عمران خان کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے 3مقدمات درج ہیں۔
ظِل شاہ قتل کیس میں عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔
عدالت نے ظل شاہ قتل کیس میں عمران خان کی 2 جون تک ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت 2 جون تک ملتوی
انسداد دہشت گردی عدالت نے شیر پاؤ پل پر اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور جلاؤ گھراؤ کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے وکیل یوسف وائیں کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔