قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ادارہ جاتی استعداد کار کو مضبوط بنانے اور مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے پہلا اِن ہاؤس تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری خرچ پر پارلیمانی وفد کے عمرے کے دورے کی خبریں بے بنیاد، قومی اسمبلی کی وضاحت
سیکریٹری قومی اسمبلی سعید احمد میتلا نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں یکم دسمبر 2025 سے 9 جنوری 2026 تک جاری رہنے والے پہلے اِن ہاؤس تربیتی پروگرام کے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔
تربیتی پروگرام کی تفصیلات
اس تربیتی پروگرام میں گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے 50 افسران نے شرکت کی۔ پروگرام کا انعقاد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ٹریننگ برانچ نے کیا۔
یہ پروگرام ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے سلسلے کی کڑی کا حصہ ہے۔
جامع تربیتی پروگرام کا مقصد افسران کو آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان 1973، قومی اسمبلی میں قواعد و ضوابط اور کاروائی کے طریقِ کار 2007، قومی اسمبلی ملازمین ایکٹ 2018 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد، متعلقہ مالیاتی ضوابط، اور رولز آف بزنس 1973 سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
مزید پڑھیے: کیا قومی اسمبلی کا یوٹیوب چینل بند کردیا گیا ہے؟
اس پروگرام کا ہدف شرکا کو پارلیمانی طریقۂ کار، قانون سازی کے عمل، مالیاتی ضوابط اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق روشناس کرانا تھا۔
سیکریٹری قومی اسمبلی کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ استعداد کار میں اضافہ اور مسلسل پیشہ ورانہ تربیت مؤثر، شفاف اور فعال پارلیمانی معاونت کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور تربیت یافتہ افسران کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سیکریٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ اس نوعیت کے ٹریننگ پروگرام ملازمین کی استعداد کار میں اضافے، بہتر قانون سازی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں براہ راست معاون ثابت ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ویڈیو: قومی اسمبلی میں ڈرامائی یوٹرن، آصفہ بھٹو کی پرچی نے قادر پٹیل کی تقریر بدل دی
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اِن ہاؤس تربیتی پروگرام افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فیصلہ سازی کی استعداد اور ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی میں معاون ثابت ہو گا اور افسران اپنی ذمہ داریاں زیادہ اعتماد، درستگی اور جوابدہی کے ساتھ ادا کرنے کے قابل ہوں گے جس سے ادارہ جاتی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
اسناد کی تقسیم
سیکریٹری قومی اسمبلی نے ٹریننگ برانچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے وژن کے مطابق اس نوعیت کے منظم تربیتی پروگرام باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے تاکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی، اسپیکر نے مشاورتی عمل مکمل کرلیا
تقریب کے اختتام پر اِن ہاؤس ٹریننگ پروگرام کے شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں قومی اسمبلی کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔











