وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کریسچئین اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے کے لیے ویانا روانہ ہوگئے۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچئین اسٹاکر سے دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں رہنما سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیووس: فلسطین کے وزیراعظم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، پاکستان کی حمایت پر شکریہ
بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم ویانا میں اقوامِ متحدہ کے تحت منعقدہ ‘پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ’ کے موضوع پر خصوصی تقریب میں بھی شرکت و خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم اس دوران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کا یہ سرکاری دورہ پاکستان اور آسٹریا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور سرمایہ کاری، سلامتی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں روابط مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔














