معروف بھارتی اسکرین رائٹر سلیم خان کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اس وقت اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔ تاہم ان کی علالت کی نوعیت اور صحت سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
سلیم خان کے اسپتال میں داخلے کی خبر سامنے آتے ہی ان کے صاحبزادے اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان سمیت اہلِ خانہ اسپتال پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے اپنے والد کی عیادت کی اور کچھ دیر بعد بغیر کسی گفتگو کے اسپتال سے روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی اہلکار ان کے ہمراہ موجود تھے۔
View this post on Instagram
خاندان کے دیگر افراد، جن میں الویرا خان اگنی ہوتری اور ان کے شوہر اتل اگنی ہوتری بھی شامل ہیں نے بھی اسپتال جا کر سلیم خان کی خیریت دریافت کی۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
View this post on Instagram
سلیم خان بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز مصنفین میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر 1970 اور 80 کی دہائی میں کئی یادگار فلموں کی کہانیاں تحریر کیں جن میں زنجیر، دیوار اور ڈان شامل ہیں۔
ان فلموں نے بھارتی سینما میں ایک نئے رجحان کو جنم دیا اور متعدد اداکاروں کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ سلیم خان کی صحت سے متعلق مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے جبکہ مداح ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔











