الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں مزید 30 گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں۔
اسی حوالے سے جعفر آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار، ضمیر حیدر، سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ، فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینیئر مینیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت مقامی ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
زمین کے مالکانہ حقوق متاثرہ خاندانوں کو دیے ہیں: قمر ابراہیم
الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل قمر ابراہیم نے اِس موقع پر بتایا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں جعفرآباد بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا جس کے باعث لوگوں کے گھر، فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں وہیں محفوظ مقامات پر تعمیر نو کے حوالے سے گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں پر کام کا آغازکیا گیا۔
قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ جعفر آباد میں سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی نے اس مقصد کے لیے 27 ایکڑ زمین عطیہ کی جس پر 175 سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس علاقے میں زمین وڈیروں اور بڑے زمینداروں کے نام پر ہوتی ہے لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کو دیے گئے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق انہی خاندانوں کو دیے ہیں۔
تعمیر نو کے کاموں میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے: امانت علی تارڑ
پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی موثر خدمات کے باعث نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن جنوبی افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال آئے سیلاب کے بعد پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے الخدمت کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور اب مرحلہ وار تعمیر نو کے کاموں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
جعفر آباد جیسے علاقے میں پہنچنا الخدمت فاؤنڈیشن کا کمال ہے: محمود احمد بٹ
فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ نے کہا کہ جعفر آباد جیسے دور دراز علاقے تک پہنچنا اور متاثرین کی مدد کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کا خاصا ہے اور ہم سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سروے سے لے کر چابیاں حوالگی تک تمام مراحل میں موثر حکمت عملی پر الخدمت کی مقامی، ریجنل اور مرکزی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات ڈھکی چھپی نہیں: علیم ڈار
مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک گیر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ’ خدا کی بستی‘ کا قیام عمدہ آئیڈیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نیکی اور خیر کے کاموں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ علیم ڈار نے خدا کی بستی میں بچوں کے لیے کھیل کے میدان بنانے اور کھیلوں کا سامان مہیا کرنے میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ملک گھر میں 1800 گھر مکمل کر کے متاثرین کے حوالے کر چکے: شعیب ہاشمی
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینیئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان تعمیرِ وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیرومرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد ترجیحاً بیوہ خواتین، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا اور اب تک جعفرآباد میں 175 گھروں پر محیط خدا کی بستی سمیت ملک بھر میں 1800 گھر مکمل کرکے سیلاب متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں جبکہ 4700 مکانات زیر تعمیر ہیں۔