کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں اتوار کی علی الصبح ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ سے 15 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس اور امدادی حکام کے مطابق دھماکا سحری کے وقت بلاک ای میں حیدری مارکیٹ کے قریب واقع بسم اللہ ریزیڈنسی کی بالائی منزل پر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، دھماکوں کی آوازیں، 2 افراد جاں بحق، 33 زخمی
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحق حسیب خان نے بتایا کہ دھماکے کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی، جس کے نتیجے میں 2 فلیٹس میں آگ بھڑک اٹھی۔
آگ لگنے سے ایک 15 سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا جبکہ 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
One child has been reported dead, while three injured in the gas cylinder explosion in the Bismillah Apartments in North Nazimabad #Karachi.
Fire has been contained and rescue services have rushed the injured to the hospital.
Visuals: @ShahidHussainJM pic.twitter.com/RaVHFSsB8j— Shafek Koreshe (@shafeKoreshe) February 22, 2026
ترجمان کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر چار فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف رہے جبکہ اسنارکل بھی طلب کر لی گئی تھی۔
دھماکے کی نوعیت کا تعین شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کیا جائے گا تاہم بظاہر واقعہ گیس دھماکے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: نظارت خانے میں آتشزدگی، 30 گاڑیاں جل گئیں
دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں 70 سالہ بزرگ اور 4 سالہ بچی بھی شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈاکٹر روتھ فاؤ اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق ایک زخمی کا جسم 95 فیصد جبکہ دوسرے کا 81 فیصد تک جھلس گیا ہے، جب کہ 4 سالہ بچی 31 فیصد تک جھلسنے سے متاثر ہوئی۔

سینٹرل ڈسٹرکٹ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو و فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔
دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: شاپنگ مال آتشزدگی کیس: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے تمام مالز کےمعائنے کا حکم دیدیا
ادھر سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کو اولین ترجیح دی جائے اور متاثرہ عمارت کے اطراف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی کے علاقے سولجر بازار کی گل رعنا کالونی میں گیس دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے باعث کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے۔













