امریکا میں منعقدہ کراٹے کامبیٹ لیگ میں فرانسیسی کھلاڑی کو شکست دینے والے پاکستانی نوجوان کی کہانی

بدھ 31 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے 24 سالہ شاہزیب پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے نہ صرف امریکا میں منعقد ہونے والی کراٹے کامبیٹ لیگ میں حصہ لیا بلکہ پےدرپے کامیابیوں کے جھنڈے بھی گاڑھے۔

یہ ایک ایسی بین الاقوامی لیگ ہے جس میں کھلاڑی لاتوں اورمکوں کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے مدمقابل کے جسم کے کسی بھی حصے پر وار کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

شاہزیب اس لیگ کی لائٹ ویٹ کیٹگری میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا رہے ہیں جبکہ ان کا مقابلہ اولمپک کا تمغہ جیتنے والے اور دنیا بھر کے قومی چیمپیئنز اور بلیک بیلٹ لینے والے کھلاڑیوں سے ہے۔

امریکہ کے شہر میامی میں اپنے پہلے مقابلے کے دوران شاہزیب  نے وینزویلا کے 5 مرتبہ نیشنل کک باکسنگ چیمپیئن رہنے والے گبو ڈیاز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔

ان کا دوسرا مقابلہ 22 مئی کو فرانس کے 23 سالہ ٹومی ایزوزا سے ہوا جس میں بھی کامیابی نے شاہزیب ہی کے پیر چومے۔ دونوں مقابلے جیتنے پر شاہزیب نے سجدہ شکر ادا کیا اور پاکستانی پرچم بلند کیا۔

فرانسیسی حریف کیساتھ مقابلے کے بارے شاہزیب کا کہنا تھا کہ یہ بہت سخت مقابلہ تھا۔ پہلے راؤنڈ میں مجھے شدید چوٹ لگی جس کے باعث میں ناک آؤٹ ہونے والاتھا مگرالحمدللہ میں دوبارہ کھڑا ہوا اور مقابلہ جیت لیا۔

فرانسیسی کھلاڑی کو اپنی جیت کی پوری امید تھی۔ یہی وجہ تھی کہ جب وہ ہارے تو آپے سے باہر ہوگئے اور اپنے کوچ کیساتھ مل کر شاہزیب کے حق میں نعرے لگانے والے پاکستانی تماشائیوں پر کرسیوں سے حملہ کر دیا۔

شاہزیب رند نے کراٹے کامبیٹ میں عالمی مقابلوں کا آغاز 2014ء میں کیا ۔ ان کے مقابلوں کا پہلا ایونٹ ایران میں تھا جس میں انہوں نے یمن اور قازقستان کے حریفوں کو چاروں شانے چت کیا تھا۔

انہوں نے مختلف عالمی مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔ ان میں  ویسٹ ایشیا کپ ،تھری نیشن، اسلامک گیم، ساؤتھ ایشین گیمز اور ورلڈ چمپین شپ فائٹس شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں انہوں نے پاکستان کیلئے سونے، چاندی، اور تانبے کے تمغے جیتے۔

شاہ زیب رند نے لائٹ ویٹ، فیدر ویٹ اور ویٹر ویٹ کے مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور وہ اب لائٹ ویٹ کے مقابلوں میں حصہ لے رہیں ہے۔

ان کے والد خیر محمد رند نے وی نیوز کو بتایا کہ شاہزیب نے کراٹے کی ابتدائی تربیت کوئٹہ ہی میں حاصل کی اور اس کے بعد مزید تربیت کیلئے امریکا چکے گئے اور اب وہ وہاں پر مقیم ہے۔

امریکا میں شاہ زیب کی فائٹ کے موقع پر بلوچستان کے محکمہ کھیل نے شائقین کو براہ راست میچ دکھانے کیلئے کوئٹہ میں بڑی اسکرینزنصب کیں، جہاں بچوں، نوجوانوں اوربزرگوں نے میچ دیکھا اورخوب لطف اندوز ہوئے۔

شاہزیب نے وی نیوز کو بتایاکہ بلوچستان مہرومحبت اوررواداری کی سرزمین ہے  اور قدرتی معدنیات اورذخائرسے مالال چٹانیں اس  صوبے کی پہچان ہیں۔ “ہماری پریکٹس بہت سخت ہوتی ہے مگرہمارے حوصلے بھی بلوچستان کی چٹانوں کی مانند بلند ہیں، اور ہم ہارماننے والے نہیں ہیں۔”

کوئٹہ کے کراٹے کامبیٹر کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ جب وہ کوئی ہدف مقرر کر لیتے ہیں تو کتنی بھی مشکلیں کیوں نہ آئیں، وہ اپنا ہدف پورا کرکہ ہی دم لیتے ہیں اور انہوں نے امریکا میں اس بات کو ثابت کرکے دکھایا۔

دکھ کی بات ہے کہ امریکا میں پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے والے شاہزیب کو حکومت کی جانب سے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

ڈی جی اسپورٹس بورڈ دورا بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ فخرکی بات ہے کہ بلوچستان کا نوجوان امریکا گیا اور دوکامیابیاں اپنے نام کیں۔ انہوں نے کہا کہ “جب شاہزیب  محکمہ کھیل آئے تو میں نے ہی ان کا کیس آگے بھیجا تھا۔۔ مگرہم ان کو اس طرح سپورٹ نہیں کرسکے جس طرح انہیں ضرورت تھی۔ اب ہم انہیں ہرطرح سے سپورٹ کریں گے۔”

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp