سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پشین میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 22 فروری 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے پورے گروہ کو مختلف ہتھیاروں کے ساتھ مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ 4 دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک ہلاک، 3 گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں موجود دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاسی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔














