چوہدری فواد کے رابطے: ذلت آمیز کردار نبھانے والے منحرفین افواہیں پھیلا رہے ہیں، پی ٹی آئی

بدھ 31 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فواد چوہدری اور دیگر رہنماؤں کی پی ٹی آئی لیڈرشپ سے ملاقات کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے مذاکرات کی افواہیں کچھ ایسے لوگوں کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں جو پہلے ہی پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کو پی ٹی آئی کے منحرف رہنما چوہدری فواد نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ بشمول شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی اور پی ٹی ایم حکومت کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ فواد چوہدری کی اس گفتگو سے تاثر ملا کہ وہ اور ان کے ساتھیوں کا پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے ساتھ کوئی اتحاد بننے جا رہا ہے۔

 پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسین  نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اجازت سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل  دے دی گئی ہے جو عمران خان کی اجازت سے ہی کام کرے گی۔

رؤف حسین کا کہنا تھا کہ ’یہ اقتدار میں بیٹھے  لوگوں سے بات کرنے کے لیے کیا گیا جنہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے تاہم جو لوگ پہلے ہی پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں اور اب اس کا حصہ نہیں ہیں ان سے مذاکرات کی ضرورت سمجھ سے بالاتر ہے۔

پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ اس طرح کی افواہوں سے ان لوگوں کی ساکھ میں کوئی بہتری نہیں آئے گی جنہوں نے ایک ذلت آمیز کردار کا مظاہرہ کیا۔

فواد چوہدری، شاہ محمود ملاقات سے میڈیا غلط تاثر لے رہا ہے، زین قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مخدوم زین حسین قریشی نے پارٹی کے کچھ سابق رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات پر میڈیا میں پیدا ہونے والے تاثر کی تردید کی ہے۔

اسی حوالے سے زین حیسن قریشی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ آج اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں سے شاہ محمود قریشی صاحب کی ملاقات پر میڈیا میں جو تاثر دیا جا رہا ہے وہ اس کی تردید کرتے ہیں۔

زین قریشی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کے وائس چیئرمین اور ایک نظریے کا نام ہیں اور ہم پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے آج تک صرف اصولوں اور خدمت کی سیاست کی ہے اور عہدے کی پیشکش یا کسی اور لالچ کے ذریعے انہیں خریدا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ شاہ محمود قریشی کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور آج بھی ان ہی کے ساتھ ہیں۔

حماد اظہر کی بھی وضاحت

دریں اثنا پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ’میں چیرمین عمران خان کا کا رکن اور تحریک انصاف کا عہدہ دار ہوں اور اگر کوئی دوست مشورہ یا حل تجویز کرنا چاہیں تو اس کا حتمی فیصلہ صرف عمران خان ہی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp