پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے نفرت کا پرچار کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کی ترویج نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کسی سیاسی جماعت یا سیاسی رہنما کا نام لیے بغیر پیمرا کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے۔
تمام ٹی وی چینلز کو لکھے خط میں پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز براڈکاسٹ میڈیا نے پیمرا آرڈیننس کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ایڈیٹوریل بورڈ کو پیمرا قوانین کی پابندی پر عملدرآمد کے لیے حساس بنائیں۔
پیمرا کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو تباہ کیا گیا اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔ وفاق کو کمزور کرنے کے لیے ریاست مخالف جذبات کو ابھارا گیا۔ ریاست مخالف سرگرمیاں ایک سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنان نے کیں جس کا مقصد اداروں اور ریاست کو نقصان پہچانا تھا۔
پیمرا کے مطابق اس خوفناک رجحان کی مذمت کی جانی چاہیے۔ ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کا میڈیا بائیکاٹ اور نفرت پھیلانے والوں کا بلیک آؤٹ کیا جائے۔
’ریاست مخالف جذبات ابھارنے والے شخص کو ایئر ٹائم نہ دیا جائے۔ تمام لائسنس ہولڈرز کو ٹائم ڈیلے میکنزم کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی جاتی ہے۔ قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور نفرت پھیلانے والوں کا بلیک آؤٹ کیا جائے۔‘
پیمرا کی جانب سے چینلز کو پیمرا قوانین، آئین، سپریم کورٹ کے احکامات پر پابندی کی تاکید کی گئی ہے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ چینل پر نفرت انگیز، تشدد کے پیروکاروں، منصوبہ سازوں کو وقت نہ دیا جائے اور مسلح افواج، عدلیہ، نظریہ پاکستان، پاکستان کی سالمیت کا خیال رکھا جائے۔
پیمرا کے مطابق ماسوائے مخصوص حالات کے تمام شہریوں کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے البتہ تشدد، نفرت آمیز، نقص امن پر اکسانے والے بیانات پر پابندی ہے۔ ’آزادی اظہار رائے کی حفاظت کے ساتھ امن کا قیام بھی ضروری ہے۔‘