مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران کویتی فضائی حدود میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جبکہ پائلٹ کے بحفاظت ایجیکٹ کر جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی ساختہ F-15 Eagle پیر کی صبح کویت کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا کہ طیارہ ممکنہ طور پر پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے دوران نشانہ بنا، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔
MIM-104 Patriot ایک امریکی ساختہ دفاعی نظام ہے جو بیلسٹک میزائلوں اور دشمن طیاروں کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض حالات میں شناختی نظام (IFF) میں خرابی یا رابطے کے فقدان کے باعث اپنے ہی طیارے کو دشمن سمجھنے کی غلطی ہو سکتی ہے۔
طیارے کا ملبہ منا الاحمدی ریفائنری کے اندر گرا، جس کے نتیجے میں 2 کارکن زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں مبینہ طور پر طیارے کو تیزی سے نیچے گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ مناظر میں پائلٹ کو ایجیکٹ کرنے کے بعد زمین پر موجود دکھایا گیا ہے۔










