پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ہر کھلاڑی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف بمشکل شکست سے کنارا اختیار کیا جبکہ بعد ازاں امریکا کو شکست دینے میں کامیاب رہا۔
یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان کی سینچری رائیگاں، پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کا خواب چکنا چور ہوگیا
سری لنکا کے حالات سے واقفیت اور معیاری اسپنرز کی موجودگی کے باعث بھارت کے خلاف بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم ایشیا کپ کے 3 میچوں کی طرح یہاں بھی ٹیم خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکی۔
نمیبیا کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائی، لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو گیا، اس کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں شکست نے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔
PCB has fined cricketers 5 million Rs each for their poor performance in the World Cup. In fact, the decision was made right after the defeat against India. Officials have made it clear to the players that enough leniency has been shown from now on, financial benefits will only…
— Saleem Khaliq (@saleemkhaliq) March 2, 2026
اگرچہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی نے وقتی طور پر پاکستان کی امیدیں بحال کیں، لیکن سری لنکا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد حاصل کی گئی فتح بھی نیٹ رن ریٹ بہتر بنانے کے محاذ پر ناکامی سے دوچار رہی، یوں نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا اور گرین شرٹس کی مہم اختتام پذیر ہوئی۔
اس کارکردگی نے نہ صرف شائقین بلکہ بورڈ حکام کو بھی شدید مایوس کیا، ذرائع کے مطابق حال ہی میں ہر کھلاڑی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کامیابی کے باوجود پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر، سری لنکا نے 147 رنز کا ہدف عبور کر لیا
حکام نے واضح طور پر اسکواڈ کو آگاہ کر دیا ہے کہ اب ترجیحی سلوک ختم کر دیا گیا ہے اور مالی انعامات کا انحصار مکمل طور پر کارکردگی پر ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح عمدہ کارکردگی پر بونس دیا جاتا ہے، اسی طرح خراب نتائج پر سزا بھی بھگتنا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف شکست کے فوراً بعد ہی ٹیم کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ قومی کرکٹرز اس وقت سالانہ کروڑوں روپے معاوضہ حاصل کر رہے ہیں، اے کیٹیگری کے کھلاڑی کو ماہانہ 45 لاکھ روپے تنخواہ کے علاوہ آئی سی سی ریونیو شیئر کی مد میں 20 لاکھ 70 ہزار روپے ملتے ہیں۔
اسی طرح بی کیٹیگری کے کھلاڑی کو ماہانہ 30 لاکھ روپے تنخواہ اور 15 لاکھ 52 ہزار روپے آئی سی سی شیئر کے طور پر ادا کیے جاتے ہیں۔














