قومی اسمبلی کی دفاع کمیٹی کا آرمی چیف سے یکجہتی کے لیے دورہ جی ایچ کیو کا فیصلہ

جمعرات 1 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے 9 مئی واقعات کی پر زور مذمت کی اور واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کمیٹی نے 8 جون 2023 آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اظہار یکجہتی کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر ایسے حملے دشمن کا خواب تھا، جسے ایک پارٹی نے اقتدار کے حصول کے لیے ملک میں رہتے ہوئے پورا کر دیا، جو دشمن نہیں کر سکتا تھا وہ انہوں نے کر دیا۔

چیئرمین دفاع کمیٹی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پوری قوم شرمندہ ہے، 1971 کے بعد یہ سب سے بڑا سانحہ ہے۔ پوری قوم کی ہمدردیاں پاک فوج کے ساتھ ہیں اس لیے ہم آرمی چیف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جی ایچ کیو کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات ایک منصوبہ بندی کے تحت ہوئے ہیں، اس میں ارکان اسمبلی سمیت پارٹی عہدے داروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔

’واقعہ میں ملوث تمام افراد کو نشان عبرت بنانا ہو گا، ان تمام کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلنے چاہیے ہیں۔‘

رکن کمیٹی روبینہ عرفان نے کہا کہ میرا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے، اگر بلوچستان میں کوئی ایسا کرتا تو اس کو ڈی چوک میں الٹا لٹکایا جاتا،9 مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو مثالی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مثالی سزا نہ ملی تو ملکی سلامتی خطرے میں آسکتی ہے۔ اس واقعے میں کوئی وزیر، کوئی ارکان پارلیمنٹ بھی ملوث ہے تو اس کو سخت سزا ہونی چاہیے۔

’سزا سب کو ملنی چاہیے بے شک واقعے میں ملوث کوئی فرد آرمی چیف کا رشتہ دار ہی کیوں نہ ہو۔‘

رکن کمیٹی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان ہے تو پاک فوج کی وجہ سے ہے، 9 مئی کے واقعات کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی، ہم حکومت اور آرمی چیف کی سپورٹ کرتے ہیں، دفاع کمیٹی کو پہلے قرارداد پیش کرنی چاہیے تھی۔

’آرمی چیف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جی ایچ کیو کا دورہ کرنا چاہیے۔‘

رکن کمیٹی محمد خان ڈاہا نے کہا کہ ایم ایم عالم روڈ پر جہاز کو تباہ کرنا بھارت کی خواہش ہو سکتی ہے کسی پاکستانی کی نہیں، لیکن اس خواہش کو ہمارے لوگوں نے پورا کیا، جس طرح کا یہ احتجاج کیا گیا وہ کسی کا ماسٹر مائنڈ پلان تھا، 9 مئی کے واقعات کا فائدہ عمران خان سے زیادہ دشمن ملک کو ہوا ہے۔

’سب لوگ پہلے سے کہتے تھے کہ عمران خان پاگل ہے اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔‘

رکن کمیٹی صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ ہم لوگ گزشتہ 15 سال سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان یہودی اور را کا ایجنڈا ہے، عمران خان نے ملکی معیشت اور امن تباہ کر دیا ہے۔

’میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ 9 مئی کے واقعات میں را اور اسرائیل ملوث ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp