وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا سیاسی اور معاشی استحکام پی ڈی ایم کی قیادت والی مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف خود ریلیف اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے۔
نا اہلوں نے ملکی معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھا دی تھیں: مریم اورنگ زیب
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ نا لائقوں اور نا اہلوں نے ملک کی معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھادی تھیں۔ ان کی طرف سے تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، اس کو دوبارہ بہتر کرنے کے لیے وزیر اعظم نے پروگرام شروع کیا تو ان کے اس پروگرام پر وہ لوگ باربار حملے کرتے رہے جھنوں نے چار سالوں میں ملک کی معیشت پر حملے کیے۔
سابق وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم نے ڈیفالٹ معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کی توایوان میں کاغذ لہرایا گیا۔ آپ کولانگ مارچ دیکھنے کو ملے، زمان پارک کا سیاہ دن دیکھنے کو ملا، جوڈیشل کمپلکس پر حملہ ہوا پھر 9 مئی کا سیاہ دن دیکھنے کوملا۔ یہ سب اس لیے ہو رہا تھا کہ ملک کی معیشت کہیں ٹھیک نہ ہوجائے۔ کہیں اس ملک کے عوام کو ریلیف نہ مل جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بیچ بو رہی تھی اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے تھے جب کہ دوسری طرف نفرت کے بیچ بوئے جا رہے تھے۔ مسلح جتھوں کے ذریعے ملک کی املاک پر حملوں کے لیے ذہن سازی کی جا رہی تھی۔
ہم نوجوانوں کو روزگار اور ریلیف دینے کی بات کر رہے تھے کہ دوسری جانب پیٹرول بم پھنکنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
آج آپ کو بڑی خوشی ہو گی کہ ملک کے اندر سیاسی حجان ختم ہو نے کے بعد معاشی حجان بھی ختم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے تفصیلات بتائیں کہ ایل پی جی کا سلینڈر گھریلو صارفین کے لیے 2759سے 20321 روپے ہو گیا جس میں 438 روپے کی کمی ہوئی ہے، اسی طرح کمرشل گیس سلینڈر میں 1686 روپے کمی ہوئی ہے۔ کوکنگ آئل میں 60 سے 70 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔ آٹے اور گندم کی قیمت میں 35 سے 40 روپے کمی کی گئی ہے۔
معاشی پالیسیوں کے ثمرات مل رہے ہیں، ڈالر27 روپے سستا ہو گیا: وزیر اطلاعات
انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ آج حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں کی بدولت ڈالر کی قیمت 27 روپے تک کم ہو گئی ہے جو کہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے، حکومت مزید کمی کے لیے کوشاں رہے گی۔
مریم اورنگ زیب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جاری کر دی ہیں کہ جو قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ان کے براہ راست فوائد عوام کو پہنچنے چاہئیں۔ جو لوگ اس پر عمل درآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سب کو وزیر اعظم شہباز شریف خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر پالیسی انسٹی ٹیوٹ کو بحال کر دیا گیا ہے اور ملک کو کوکنگ آئل کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لیے بیج کی تبدیلی پر فوری طور پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں کے لیے آئندہ بجٹ کی تجاویز پر مشاورت شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بحال کیا گیا ہے تاکہ ان پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
حکومت عوام کو بجٹ میں زبردست ریلیف دے گی: وزیراطلاعات
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کو تاریخی کسان پیکیج کے تحت ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور کھادوں پر سبسڈی دی گئی ہے اور زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن، زراعت کے شعبے کے لیے آئندہ بجٹ کی تجاویز کا حصہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہیلتھ کارڈ کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو پچھلی حکومت نے کیسے معطل کیا لیکن آج ہم پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے آئی ایم ایف کی مشکل ترین شرائط کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ جیسے جیسے سیاسی حجان کم ہوتی ہے، معاشی حجان بھی کم ہوتا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران معیشت کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، نفرت، پولرائزیشن اور تشدد کی ذہنیت پرتشدد مظاہروں، دھرنوں اور قومی اداروں اور یادگاروں پر حملے کرکے ہمارے راستے میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی رہیں لیکن ہم نے ملک کے استحکام کا مشن جاری رکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ریلیف دینے کے پیکج کا اعلان تو کیا گیا لیکن اس کو منجمند رکھا گیا، موجودہ حکومت نے اسے بحال کر دیا ہے اور آن لائن بزنس کے لیے نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اس کے لیے نوجوان کسانوں کے لیے 25 بلین روپے کا پروگرام بھی شروع ہے اس کے لیے نوجوانوں کی سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام پہلے سے ہی شروع ہے جس کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔