حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد نئی قیمتوں کے اعلان پر ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں جاری جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، اسی وجہ سے حکومت کو مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: پیٹرول پمپس پر رش کے بعد ضلعی انتظامیہ کی شہریوں سے تحمل کی اپیل
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور وزیراعظم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا تھا۔
صورتحال، اسلام آباد کے ایک پٹرول پمپ پر قطاریں، قیمتوں میں ردوبدل کا سن کر لوگ پینک ہو گئے ہیں۔۔!! pic.twitter.com/XvofhWK1Nk
— Khurram Iqbal (@khurram143) March 6, 2026
انہوں نے بتایا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر عالمی منڈی کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور اسی تناظر میں قیمتوں میں متوازن اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کشیدگی کم کرانے کے لیے دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہے جبکہ وزیراعظم اور عسکری قیادت بھی اپنے ہم منصبوں سے بات چیت کر رہی ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت پیٹرول کی قیمت تقریباً 106 ڈالر 80 سینٹ جبکہ ڈیزل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ چکی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عالمی حالات بہتر ہوں گے حکومت اسی تیزی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بھی کرے گی اور آئندہ ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی اعلان کے بعد لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش بڑھ گیا اور کئی مقامات پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ وحدت روڈ اور یو ای ٹی روڈ لاہور سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کو پیٹرول کے حصول کے لیے انتظار کرنا پڑا۔
نئے اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور تحمل کے ساتھ پیٹرول حاصل کریں۔
لاہور میں صورتحال
لاہور کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس پر سپلائی متاثر ہونے سے شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وحدت روڈ اور یو ای ٹی روڈ پر کئی پیٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں، جبکہ کچھ پمپس میں عارضی طور پر رش کی وجہ سے شہریوں کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
Public Advisory
If any petrol pump refuses to provide petrol or diesel, citizens are requested to immediately report the incident to the Islamabad District Administration Control Room at 051-9108084 or inform us through our official social media channels.
Your cooperation helps… pic.twitter.com/Nakjqow8yM— DC Islamabad (@dcislamabad) March 6, 2026
اسلام آباد اور راولپنڈی
وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں بھی پیٹرول پمپس پر رش کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں گاڑیوں کی قطاریں کافی طویل ہیں، جس سے روزمرہ سفر متاثر ہو رہا ہے۔
حکومت کی وضاحت اور کنٹرول روم
صدر پاکستان پیٹرولیم سروس عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول پر 50 فیصد سبسڈی برقرار رکھی ہے، اور افواہوں کی وجہ سے شہریوں کی جانب سے ہجوم بڑھا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے شہری سہولت کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ شہری کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری طور پر 9108084-051 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تحمل اور افواہوں پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری ہے، اور تمام پیٹرول پمپس پر ری فیلنگ کا عمل بھی فعال ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی پمپ پر ایندھن نہ ملنے کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔













