ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ، شہریوں کو لمبی لائنوں کا سامنا
گل دراز خان ایڈووکیٹ نے سلیمان خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری اوگرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ امریکا، اسرائیل، ایران جنگ کی وجہ سے کیا گیا۔
درخواست کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ ہے مگر وہاں قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ جن ممالک میں جنگ ہے وہاں بھی ابھی تک اضافہ نہیں کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق وفاقی حکومت کا یہ اقدام عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: پیٹرول پمپس پر رش کے بعد ضلعی انتظامیہ کی شہریوں سے تحمل کی اپیل
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔














