اسلام آباد پولیس نے شہر میں منظم جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے دوران راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ایک گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ بنی گالا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب منظم گینگ کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا چھینا گیا موٹر سائیکل، نقدی اور قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن، راہزنی میں ملوث 2 گینگز کے 4 ملزمان گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔














