پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بربریت مسلط کر دی گئی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مشرقِ وسطیٰ غیرمعمولی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ان کے بقول مذاکرات کسی نتیجے کے قریب تھے لیکن صہیونی قوتوں نے حالات کو خراب کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا مشرق وسطیٰ میں بحران کیسے پیدا کرتا آیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ خطے میں ہونے والی کشیدگی کے باعث نہ صرف انسانی جانوں بلکہ املاک کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، جو عرب ممالک سمیت دیگر ملکوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کو اس معاملے میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
سلمان اکرم راجا نے ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں اور عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کیا جا رہا ہے اور جھوٹ کے ذریعے انتشار پھیلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام پر ایک جعلی حکومت مسلط کی گئی ہے اور ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ایک روز قبل لوگوں کو ان کی غیر موجودگی میں سزائیں سنائی گئیں جن کی مجموعی مدت پچاس پچاس سال تک جا پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: شفیع جان کا ٹی ٹی پی کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے سے گریز، سلمان اکرم راجا نے مؤقف رد کردیا
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں اتنا بڑا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔














