وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے حکومت کے اعلان کردہ اقدامات کے نفاذ کا جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ عالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول پاکستان پہنچ گیا، مزید درآمدی جہاز کی آمد متوقع
انہوں نے کہاکہ کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے حکومت کے اعلان کردہ اقدامات پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے زیر قیادت ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے تاکہ ان کے اثرات کو جانچا جا سکے۔
انہوں نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو سادگی، کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے اقدامات کو بھرپور طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اور ادارے کفایت شعاری کے تحت بند کی گئی گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو بھیجیں۔
انہوں نے کہاکہ ورک فرام ہوم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے ہر وزارت اپنی رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھیجے گی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز کفایت شعاری اور توانائی بچت کے لیے اٹھائے جا رہے اقدامات اور ورک فورس مینجمنٹ کے حوالے سے روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹ کمیٹی کو جمع کروائیں گی۔
مزید پڑھیں: جیٹ فیول مہنگا، ملکی و بین الاقوامی فضائی کرایوں میں بڑا اضافہ
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔














