کیا عید کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی اسٹریٹ مہم میں تیزی آئے گی؟

پیر 23 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ بننے کے کچھ عرصے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہدایت پر عمران خان کی رہائی کے لیے ورکرز کو فعال کرنے کے لیے اسٹریٹ مہم کا آغاز کیا تھا، جو رمضان المبارک کے دوران رک گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے ملاقات کے لیے سہیل آفریدی پھر سرگرم، برف پگھلے گی؟

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق اسٹریٹ مہم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے جس کی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے۔ سہیل آفریدی اسٹریٹ مہم کے تحت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع کا دورہ کر کے جلسے کر رہے ہیں جبکہ لاہور، کراچی اور حیدرآباد میں بھی اسٹریٹ مہم کے لیے دورے کر چکے ہیں۔

رمضان کا وقفہ

رمضان المبارک سے قبل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لاہور، کراچی اور حیدرآباد کا طوفانی دورہ کر چکے ہیں۔ سہیل آفریدی مرحلہ وار خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جا کر جلسے بھی کر چکے ہیں جن میں ان کا فوکس عمران خان کی رہائی کے لیے ورکرز کو فعال کرنا نظر آیا۔ تاہم اب وزیراعلیٰ کی اسٹریٹ مہم میں بریک آ گیا ہے اور رمضان المبارک میں وزیراعلیٰ کی اسٹریٹ مہم بند ہے جبکہ سہیل آفریدی صوبے میں کچھ زیادہ سیاسی سرگرمیاں نہیں کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے رمضان المبارک کے احترام میں سیاسی جلسے جلوس نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور عندیہ دیا تھا کہ عید کے بعد دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

کیا عید کے بعد وزیراعلیٰ دوبارہ سیاسی طور پر سرگرم ہوں گے؟

پی ٹی آئی کے باخبر ذرائع کے مطابق پارٹی میں اس وقت مشاورت جاری ہے اور صوبائی صدر جنید اکبر نے گزشتہ دنوں مختلف ریجن کے صدور سے میٹنگ کر کے عید کے بعد کے لائحۂ عمل پر تفصیلی بات کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پر حملے اور ملک میں پیٹرولیم مسائل کے بعد پی ٹی آئی بھی پریشان ہے اور انہی ایشوز کو مدنظر رکھ کر لائحۂ عمل بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کال دوں تو کوئی نہیں روک سکتا،مگر تصادم کی سیاست نہیں چاہتے، سہیل آفریدی

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کی رہائی کی مہم کو تیز کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ اسٹریٹ مہم کو بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے بعد سہیل آفریدی ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے اور مختلف اضلاع میں جلسے کریں گے تاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ تحریک کے لیے ورکرز کو تیار کیا جا سکے۔

عمران خان رہائی فورس کی حلف برداری

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عید کے بعد عمران خان رہائی فورس کی تشکیل بھی دیں گے اور پشاور میں اس فورس کی باقاعدہ حلف برداری کا بھی اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے مطابق بیرسٹر گوہر کی جانب سے اس فورس پر اعتراضات کے بعد عمران خان رہائی فورس کی تشکیل متنازع بن گئی ہے۔ تاہم سہیل آفریدی بضد ہیں کہ رہائی فورس بننی چاہیے تاکہ ملک گیر اسٹریٹ مہم میں تیزی آ سکے۔

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شفیع جان نے کچھ دن پہلے واضح کیا تھا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے اعلان کردہ عمران خان رہائی فورس ضرور بنے گی اور عید کے بعد حلف برداری بھی ہوگی۔

سہیل آفریدی عید کے بعد بلوچستان، گلگت اور کشمیر بھی جائیں گے

پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق سہیل آفریدی نے اسٹریٹ مہم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی ہے اور اس کے اختتام پر باقاعدہ ایک لائحۂ عمل بنایا جائے گا جس کے تحت مزید آگے بڑھا جائے گا۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اکرام کٹھانہ نے وی نیوز کو بتایا کہ عید کے بعد سہیل آفریدی کی اسٹریٹ مہم میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی صدر اور وزیراعلیٰ لائحۂ عمل بنا رہے ہیں جبکہ عید کے بعد سہیل آفریدی اسٹریٹ مہم کے تحت بلوچستان، گلگت اور کشمیر کا بھی دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے 120 ارکان سے زبردستی پارٹی چھڑوائی گئی، شیرافضل مروت

عید سے پہلے لاہور اور سندھ گئے تھے جبکہ بلوچستان، گلگت اور کشمیر باقی ہیں۔ عید کے بعد ان علاقوں کا بھی دورہ ہوگا۔ وہاں بھی ورکرز کو فعال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی بانی عمران خان کی رہائی کے لیے کسی حد تک بھی جانے کو تیار ہے اور رہائی تحریک جاری رہے گی۔

اسٹریٹ مہم کے بعد اگلا مرحلہ کیا ہوگا؟

پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کے مطابق پارٹی کے اندر اس وقت عمران خان کی رہائی تحریک کے حوالے سے اختلافات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی قیادت کسی قسم کے تصادم یا پرتشدد مظاہروں یا دھرنے کی مخالف ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی قیادت اسلام آباد دھرنے کے حق میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’ایک طرف عمران خان کی بیماری اور دوسری طرف ٹک ٹاک کا شوق‘، سہیل آفریدی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

انہوں نے بتایا کہ اس وقت احتجاج یا دھرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کے پاس بھی نہیں ہے جبکہ اس کا اختیار عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا ہے جس پر پارٹی کے سینئر قائدین خوش نہیں ہیں۔ جبکہ مرکزی سطح پر بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا میں بھی اختلافات ہیں جس کی وجہ سے عمران خان کی رہائی تحریک کچھ خاطر خواہ کامیاب نہیں ہو رہی۔

انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی اسٹریٹ مہم کے تحت پورے ملک میں پارٹی ورکرز کو فعال کرنا چاہتے ہیں جو  کسی حد تک پارٹی کی موجودہ قیادت سے ناراض ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی اسٹریٹ مہم کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے کے حق میں ہیں جو ملک گیر ہو۔

دوسری جانب اکرام کٹھانہ کا موقف ہے کہ پارٹی میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور تمام قائدین خان کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی صدر جنید اکبر اور سہیل آفریدی لائحۂ عمل بنا رہے ہیں جس کا عید کے بعد اعلان ہوگا۔

کیا ایران، اسرائیل اور امریکا کی جنگ سے پی ٹی آئی تحریک پر اثر پڑے گا؟

پاکستان تحریک انصاف نے عید کے بعد دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران جنگ کا پی ٹی آئی کی عمران خان رہائی تحریک اور اسٹریٹ مہم پر اثر پڑے گا اور سیاسی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ تاہم پی ٹی آئی کے اکرام کٹھانہ کا خیال ہے کہ مشکل حالات میں ان کی تحریک جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیے کال دوں تو کوئی نہیں روک سکتا،مگر تصادم کی سیاست نہیں چاہتے، سہیل آفریدی

صحافی و تجزیہ کار عارف حیات کا ماننا ہے کہ عید کے بعد پی ٹی آئی نے سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان تو کیا ہے لیکن ایران کے حالات کا اس پر اثر پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی سے حکومت نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

’مشکل حالات میں حکومتی ذمہ داریاں پوری کریں گے یا سہیل آفریدی احتجاج کریں گے، آپ خود اندازہ لگا لیں۔‘

عارف نے بتایا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو فعال رکھنے کے لیے محدود حد تک جلسے جلوس کرے گی لیکن ان حالات میں ملک گیر تحریک چلانا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا پیٹرولیم بحران سے بچنے کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے جبکہ گھر سے کام کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان حالات میں کیا وزیراعلیٰ جلسے کر سکتے ہیں؟

’جب تعلیمی ادارے خود بند کر دیے جائیں تو پھر جلسہ یا سیاسی سرگرمی کیسے ہو سکتی ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو پی ٹی آئی بھی چھٹی پر چلی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی، اسحاق ڈار کا انکشاف

مشرق و سطیٰ کشیدگی: آج اسلام آباد میں پاکستانی، سعودی، ترکیہ اور مصری وزرائے خارجہ کی اہم بیٹھک ہوگی

لاہور جنرل اسپتال میں کامیاب طبی کارروائی، 3 ماہ کے بچے کے معدے سے لوہے کا واشر نکال لیا گیا

خطے کی صورتحال پر چہار فریقی اجلاس،  مصری وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

’پاک سعودی دفاعی معاہدہ محض مالی یا وقتی تعلق نہیں بلکہ فعال حکمت عملی کا حصہ ہے‘

ویڈیو

عمران خان کی آنکھ نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں ان کی سوچ اور نظر ہی خراب ہے، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سونیا شاہ

اسرائیل میں نیتن یاہو پر دباؤ، جے شنکر کی وجہ سے مودی حکومت پھر متنازع صورتحال میں مبتلا

گلگت بلتستان، جہاں پاک فوج کے منصوبے ترقی کی نئی داستان لکھ رہے ہیں

کالم / تجزیہ

مانیں نہ مانیں، پاکستان نے کرشمہ تو دکھایا ہے

ٹرمپ کے پراپرٹی ڈیلر

کیا تحریک انصاف مکتی باہنی کے راستے پر چل رہی ہے؟