محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے اشیائے خورد و نوش کاروبار کرنے والے اداروں اور دکانوں کی رجسٹریشن اور سالانہ تجدید فیس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام جی بی فوڈ ایکٹ 2022 کی دفعات 12، 13 اور 30 کے تحت اٹھایا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور سرکاری و نجی دفاتر میں قائم کینٹینز کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ تھری اسٹار یا اس سے بڑے ہوٹلز کے لیے رجسٹریشن فیس ایک لاکھ روپے اور سالانہ تجدید فیس 20 ہزار روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کا بجٹ 2025-26 پیش کردیا گیا
دیگر بڑے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے جن میں 50 سے زیادہ نشستیں ہوں ان کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور تجدید فیس 10 ہزار روپے جبکہ 50 سے کم نشستوں والے ہوٹلز، کیفے اور فاسٹ فوڈ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 25 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
شادی ہالز اور کانفرنس وینیوز کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 10 ہزار روپے ہوگی، سپر سٹورز کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور تجدید فیس 10 ہزار روپے جبکہ ریٹیل مارٹس کے لیے رجسٹریشن 25 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ جنرل سٹورز کے لیے رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 2 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
اسی طرح چکن، مٹن اور بیف شاپس اور سلاٹر ہاؤسز کے لیے رجسٹریشن فیس 15 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دودھ اور ڈیری شاپس کے لیے بھی رجسٹریشن 15 ہزار روپے اور تجدید 5 ہزار روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ سے متعلق وضاحت کردی
پھل اور سبزی فروش دکانوں کے لیے رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 3 ہزار روپے جبکہ مٹھائی اور بیکری شاپس کے لیے بھی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ بڑے، درمیانے اور چھوٹے فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 10 ہزار روپے ہوگی۔
سڑک کنارے قائم ڈھابوں اور بیوریج جوس کارنرز کے لیے رجسٹریشن فیس 5 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 2 ہزار روپے جبکہ کیٹرنگ یونٹس کے لیے رجسٹریشن 20 ہزار روپے اور تجدید 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ گھی اور تیل سے متعلق ڈسٹری بیوشن یونٹس کے لیے رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
فاسٹ فوڈ اسٹیبلشمنٹس کی بڑی کیٹیگری کے لیے رجسٹریشن فیس 20 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 5 ہزار روپے جبکہ چھوٹی کیٹیگری کے لیے رجسٹریشن 10 ہزار روپے اور تجدید 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ فوڈ گوداموں اور ڈسٹری بیوشن یونٹس کے لیے رجسٹریشن فیس 15 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 5 ہزار روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمین کا احتجاج، 10 فروری کی ڈیڈ لائن
شہد کی مکھیوں کے فارمز کے لیے رجسٹریشن فیس 5 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 2 ہزار روپے جبکہ واٹر پلانٹس اور آر او واٹر یونٹس کے لیے رجسٹریشن فیس 30 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام ڈپٹی فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں فوڈ سے متعلق کاروبار کرنے والوں کو نوٹس جاری کریں اور انہیں ہدایت دیں کہ وہ تین دن کے اندر اندر محکمہ خوراک کے ضلعی دفاتر کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ یہ نوٹیفکیشن سیکرٹری فوڈ گلگت بلتستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔














