اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ، انڈیکس 555 پوائنٹس کمی کے ساتھ بند

جمعہ 13 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز ایک اور اتار چڑھاؤ سے بھرپور کاروباری سیشن ریکارڈ کیا گیا، جہاں 100 انڈیکس ہفتے کے اختتام پر 555 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔

کاروباری دن کے آغاز پر مارکیٹ مثبت رجحان کے ساتھ کھلی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تیزی سے بڑھتے ہوئے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح تقریباً 155,002 پوائنٹس تک پہنچ گیا،۔

جس سے ابتدائی اوقات میں خریداری کے رجحان کا اظہار ہوا، تاہم یہ رفتار زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ بتدریج نیچے کی جانب آنے لگی۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ کر مندی سے دوچار، کیا معیشت خطرے میں ہے؟

صبح کے اواخر میں فروخت کے دباؤ میں اضافہ ہوا اور بینچ مارک انڈیکس تیزی سے گر کر انٹرا ڈے کی کم ترین سطح 152,780 پوائنٹس تک آگیا، جو سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع لینے اور محتاط رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

بعد ازاں مارکیٹ میں جزوی بحالی دیکھنے میں آئی تاہم سیشن کے آخری حصے میں معمولی اتار چڑھاؤ کے ساتھ مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 555.27 پوائنٹس یعنی 0.36 فیصد کمی کے بعد 153,866.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ پر دباؤ کی بڑی وجہ سرمایہ کاروں کی وہ تشویش ہے جو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے تناظر میں ہفتے کے اختتام پر کسی منفی پیش رفت کے خدشے کے باعث پیدا ہوئی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پہلے ہی فی بیرل تقریباً 100 ڈالر کے قریب ہیں۔

انڈیکس میں سب سے زیادہ منفی کردار حبکو، لکی، فوجی فرٹیلائزر، اینگرو ہولڈنگز اور میزان بینک کے شیئرز نے ادا کیا جنہوں نے مجموعی طور پر انڈیکس کو 649 پوائنٹس نیچے دھکیل دیا۔

اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج شدید مندی سے دوچار، انڈیکس میں 11,000 پوائنٹس کی کمی

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رہے اور زیادہ تر شعبوں میں محدود کاروبار ہوا۔

اس روز کے ایس ای 100 انڈیکس 1,437.05 پوائنٹس یعنی 0.92 فیصد کمی کے بعد 154,421.43 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر بھی ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں جمعہ کو مندی کا رجحان رہا اور مسلسل دوسرے ہفتے کمی کا امکان ظاہر کیا گیا۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ جمعہ کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی مضبوط ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے سے 279.31 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی۔

بازار میں کاروباری حجم میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، آل شیئر انڈیکس میں حجم 404.25 ملین شیئرز سے کم ہو کر 303.02 ملین شیئرز رہ گیا جبکہ شیئرزکی مالیت 24.67 ارب روپے سے گھٹ کر 14.69 ارب روپے رہ گئی۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر مندی کا طوفان، مارکیٹ ہالٹ کا نفاذ

کاروباری حجم کے لحاظ سے دوست اسٹیلز لمیٹڈ سرفہرست رہی جس کے 27.79 ملین شیئرز کا کاروبار ہوا، اس کے بعد ہیسکول پیٹرول کے 25.43 ملین اور بینک آف پنجاب کے 16.33 ملین شیئرز کا لین دین ہوا۔

جمعہ کے روز مجموعی طور پر 472 کمپنیوں کے شیئرزکا کاروبار ہوا جن میں سے 190 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 205 میں کمی جبکہ 77 کے شیئرز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مسجد اقصیٰ کے دروازے 14 روز سے بند ہیں، طاہر اشرفی نے عالم اسلام سے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی

دہشتگرد افغان حکومت نے سرخ لکیر عبور کرلی، صدر مملکت کی شہری علاقوں پر ڈرون حملوں کی مذمت

پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں، وزیر مذہبی امور سردار یوسف

افغان طالبان کا پاکستان کی کچھ چوکیوں پر قبضے کا دعویٰ من گھڑت ہے، وزارت اطلاعات

بنگلہ دیش: جسٹس اینڈ ڈیموکریسی پارٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت کا اعلان

ویڈیو

مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا، حکومت نے پیٹرول کی قیمت پہلے ہی کیوں بڑھائی؟

اسٹریس اور ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے سجدہ ایک بہترین روحانی اور نفسیاتی ذریعہ

یوتھ کلائمیٹ کیٹالسٹس، نوجوانوں کے ٹیکنالوجی سے بھرپور حیرت انگیز اقدامات

کالم / تجزیہ

دوستی کا نیا چراغ

درگاہ گاجی شاہ اور جن نکالنے کے کرتب

اداکارہ صحیفہ جبار کو معافی مانگنی چاہیے