لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملوں سمیت دیگر مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے دوران جج اعجاز بٹر نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو روسٹرم پر آنے کا کہہ کر استفسار کیا کہ ’مجھے وجوہات بتائی گئیں کہ آپ تفتیش میں شامل کیوں نہیں ہو رہے، لیکن اب آپ کو تفتیش میں شامل ہونا پڑے گا۔‘
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جج کو بتایا کہ ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان تفتیش میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں مگر تمام مقدمات کی ایک ہی تاریخ پر سماعت کی جائے اور میں تینوں مقدمات پر دلائل مکمل کروں گا۔
وکیل سلمان صفدر نے استدعا کی کہ تمام مقدمات 20 جون کو سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں اور کہا کہ عمران خان ان کی تفتیش میں شامل ہوں گے۔ عدالت نے یقین دہانی پر عمران خان کو جانے کی اجازت دیدی۔