عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان ریلویز نے 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ یہ ٹرینیں مختلف شہروں کے درمیان چلائی جائیں گی تاکہ عید کے دنوں میں بڑھنے والے رش کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتیں بڑھنے کے بعد پاکستان ریلوے کے کرایوں میں بھی اضافہ
لاہور میں پاکستان ریلویز کے ہیڈکوارٹرز سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر ریلوے کی ہدایت پر عید کے موقع پر 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 16 مارچ کو شام 7 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہو کر 17 مارچ کو دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے گی۔

دوسری عید اسپیشل ٹرین 17 مارچ کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہو گی اور 18 مارچ کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔
تیسری عید اسپیشل ٹرین 17 مارچ کو شام 7 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو صبح 5 بجے پشاور کینٹ اسٹیشن پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ریلوے کی کایا پلٹنے کا فیصلہ، وزیراعظم کا منافع بخش ادارہ بنانے کی ہدایت
اعلامیے کے مطابق چوتھی عید اسپیشل ٹرین 18 مارچ کو شام 7 بج کر 30 منٹ پر کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو شام 5 بج کر 30 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔
پاکستان ریلویز کے مطابق عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا مقصد عید کے دنوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو اضافی سہولت فراہم کرنا اور بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنا ہے۔













