بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں اور قومی ترقی کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز ضلع دیناج پور کے کہارول اپازیلا کے علاقے سہاپارہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے ملک بھر کے 54 اضلاع میں نہروں کی کھدائی کے قومی پروگرام کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے نہریں کھودنے کے ملک گیر منصوبے کا آغاز کر دیا
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نرم انداز میں بات کرتے ہیں مگر عوام کو گمراہ کرکے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے اور ملک کے استحکام کے خلاف سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
طارق رحمان، جو بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی(بی این پی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ ان کی جماعت کی سیاست کا محور کسانوں کی زندگی بہتر بنانا، خواتین کو بااختیار بنانا، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو مضبوط کرنا اور زراعت و صنعت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق عوامی تعاون کے بغیر یہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے کیونکہ اصل طاقت عوام کے پاس ہوتی ہے۔
اجتماع کے دوران سہاپارہ نہر کی دوبارہ کھدائی کے منصوبے کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا، جو پہلی بار 1977 میں سابق صدر ضیا الرحمن کے دور میں تعمیر کی گئی تھی۔ حکومت کے مطابق اس منصوبے سے تقریباً 31ہزار کسان مستفید ہوں گے، قریباً 1,200 ہیکٹر اراضی سیراب ہوگی جبکہ لگ بھگ 3لاکھ 50 ہزار افراد کو پانی کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم طارق رحمان کا بنگلہ دیش میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور
وزیراعظم نے بتایا کہ منصوبے سے زرعی پیداوار میں تقریباً 60 ہزار میٹرک ٹن اضافہ متوقع ہے، جبکہ خشک موسم میں آبپاشی، مچھلی پروری اور نہر کے کناروں پر شجرکاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے انتخابی وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہروں کی کھدائی، فیملی کارڈ پروگرام، 10 ہزا ٹکا تک زرعی قرضوں میں ریلیف، زرعی کارڈز کی تقسیم اور روزگار کے منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
تقریب سے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کابینہ ارکان نے بھی خطاب کیا، جبکہ اجلاس کی صدارت ضلعی بی این پی کے صدر مفصل حسین دلال نے کی۔














