وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کو تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز قازق صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ریفرنڈم کی کامیابی کو قازق عوام کے صدر توقایف کی قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی آئینی اصلاحات قازقستان میں حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: 37 معاہدوں پر دستخط: پاکستان قازقستان کا اسٹریٹجک پارٹنر، وزیراعظم شہباز شریف کی قازق صدر کے ہمراہ گفتگو
قازقستان میں منعقدہ ریفرنڈم میں 87.15 فیصد ووٹرز نے نئے آئین کے حق میں ووٹ دیا۔ نئے آئین کے تحت پارلیمانی ڈھانچے میں اصلاحات کی گئی ہیں جبکہ نائب صدر کے عہدے کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے، جسے 1996 میں ختم کردیا گیا تھا۔ صدر کو نائب صدر سمیت اہم سرکاری عہدیداروں کی تقرری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
Had a warm and most cordial telephone conversation with H.E. President Kassym-Jomart Tokayev today. I congratulated him on the successful constitutional referendum, reflecting the trust of the Kazakh people in his leadership and reform agenda.
We reaffirmed our shared commitment…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 17, 2026
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے گزشتہ ماہ صدر توقایف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت جاری ہے اور مجوزہ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک جلد ملاقات کریں گے۔
قازق صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو رواں سال قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک قازقستان ریل رابطہ ضروری ہے، گیم چینجر ثابت ہوگا، شہباز شریف
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مکالمے، تعاون اور روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے عید کے موقع پر قازقستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔














