سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی ہے، پاکستان اور سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں سینیٹر منظور کاکڑ کے بھائی قاتلانہ حملے میں زخمی
سینیٹر منظور کاکڑ نے وی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے، اور ہمارے درمیان دفاعی معاہدہ بھی موجود ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک جنگ کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے،سینیٹر منظور کاکڑ pic.twitter.com/RJTzbAE3zf
— WE News (@WENewsPk) March 18, 2026
انہوں نے خلیجی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور یہ تعلق باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران دونوں ممالک امن کے قیام اور جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی ہے جبکہ سعودی عرب بھی امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے خطے میں کشیدگی کم ہوگی اور امن کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر، پاکستان کی ثالثی پالیسی جاری
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف سفارتی سطح تک محدود نہیں بلکہ دفاع، معیشت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعاون موجود ہے، جو مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔














