پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششیں قابل تعریف ہیں جو خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین اور پاکستان کے تعلقات لوہے جیسے مضبوط ہیں، نائب صدرسینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چینی سفیر نے واضح کیا کہ چین ہمیشہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کو ترجیح دیتا ہے۔
ان کے مطابق پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔
یکطرفہ اقدامات اور طاقت کی سیاست کی مخالفت
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں چین یکطرفہ فیصلوں اور طاقت کے بل پر کی جانے والی سیاست کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیے: پاکستان میں ٹی وی چینلز ہیک کیوں ہوئے اور انٹرنیٹ ہیکنگ ہوتی کیسے ہے؟
انہوں نے زور دیا کہ عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور باہمی احترام ضروری ہے۔
بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر زور
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین بین الاقوامی قوانین کو کسی ایک ملک کے اندرونی قوانین کے تابع کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔
شہری اہداف اور بحری سلامتی پر تشویش
چینی سفیر نے کہا کہ کسی بھی تنازع میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور نہ ہی اہم بحری راستوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور چین کا باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی ثالثی کوششیں جاری رکھے گا۔













