سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کی صبح پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، بین الاقوامی سلامتی، اور فوجی کشیدگی کے اثرات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین، ولی عہد اور سعودی عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دی، جس کا جواب سعودی ولی عہد نے بھی خوشی اور نیک خواہشات کے ساتھ دیا۔
Spoke with my dear brother His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman to convey warm Eid-ul-Fitr greetings to The Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King Salman bin Abdulaziz Al Saud, the Royal Family and the brotherly people of Saudi Arabia.
I reiterated…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 25, 2026
گفتگو میں وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور اس مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، جس طرح سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔
وزیراعظم نے فوری طور پر جنگ کے خاتمے اور خطے میں معمول کی صورتحال کے قیام پر زور دیا اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ہے۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے ہر سطح پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد کا برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر سے بھی تبادلہ خیال
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر سے بھی ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری فوجی کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت اور بین الاقوامی نیویگیشن پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔
برطانوی وزیراعظم نے سعودی سرزمین پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
پاکستان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف گزشتہ روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکا کی رضامندی سے مذاکرات کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور یہ اعزاز قابل فخر ہوگا۔
وزیر اعظم نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے جاری مذاکرات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے یہ پیغام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ٹیگ کیا ہے۔
بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی پوسٹ کو شیئر کیا تھا۔














