عارف آجاکیا کی بیرونِ ملک سرگرمیاں اور عمران خان کے بیٹوں سے تعلقات پاکستان کے خلاف منظم مہم کا حصہ

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عارف آجاکیا جو ماضی میں کراچی کی مقامی سیاست کا حصہ رہا اور بعد میں جمشید ٹاؤن ناظم کے طور پر ایم کیو ایم لندن گروپ کے عسکری ونگ سے منسلک رہا، اب بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے داخلی معاملات پر تنقیدی بیانیہ پیش کر رہا ہے۔

پلڈاٹ اور دیگر مبصرین کے مطابق آجاکیا کی موجودہ شناخت ایک ایسے فرد کی ہے جو پاکستانی داخلی امور کو بین الاقوامی فورمز پر متنازع بنانے کی کوشش میں سرگرم ہے۔

عارف آجاکیا کا پس منظر اور حالیہ سرگرمیاں

عارف آجاکیا 2005 کے بعد کراچی کی لوکل گورنمنٹ سیاست میں ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے سامنے آئے۔ بعد کے برسوں میں فرار ہو کر انہوں نے خود کو بیرونِ ملک ایک ڈائسپورا ایکٹیوسٹ اور یوٹیوبر کے طور پر ری برانڈ کیا، جو اقلیتی اور نسلی حقوق کے نام پر ریاستی اداروں کو عالمی سطح پر متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

پلڈاٹ کے تجزیے کے مطابق عارف آجاکیا کی سرگرمیاں بھارت کے اثرات کے زیر اثر پاکستان مخالف بیانیہ مضبوط کرتی ہیں، جس سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ ملکی داخلی، قانونی اور سیاسی معاملات کو مقامی راستوں کے بجائے بیرونی دباؤ اور میڈیا کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عمران خان کے بیٹوں سے وابستگی اور بین الاقوامی تعلقات

رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم کی عارف آجاکیا سے وابستگی سیاسی اثرات پیدا کرتی ہے۔

25 فروری 2026 کو زیک گولڈ اسمتھ نے برطانیہ کے ایوانِ بالا میں عمران خان کے بیٹوں کے حوالے سے سہولت کاری کا معاملہ اٹھایا، جس سے یہ واضح ہوا کہ معاملہ خاندانی دائرے سے نکل کر بین الاقوامی فورمز تک پہنچ چکا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا اور بیانیاتی ماحول

برطانوی میڈیا خصوصاً بی بی سی نیوز، اسکائی نیوز اور یلدا حکیم نے بھی اس بیانیے کو تقویت دی۔ ان میڈیا چینلز نے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویوز اور دعوؤں کو انسانی حقوق اور قید کے حالات کے زاویے سے نمایاں طور پر پیش کیا، جس سے پاکستان کی عدالتوں، جیل نظام اور ریاستی اداروں کے خلاف ایک مخصوص بین الاقوامی تاثر قائم ہوا۔

مربوط دباؤ اور سیاسی اثرات

تجزیہ کاروں کے مطابق مسئلہ صرف ایک انٹرویو یا ملاقات نہیں، بلکہ ایک مربوط بیانیاتی ماحول ہے، جہاں بیرونِ ملک مقیم سابق سیاستدان، خاندانی سفارتی رسائی اور بین الاقوامی میڈیا ایک ہی رخ سے پاکستان کے خلاف مواد کو پھیلا رہے ہیں۔ اگرچہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ کوئی خفیہ سازش ہے، لیکن سیاسی اور ابلاغی سطح پر اس کے اثرات واضح ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس کا جواب جذبات سے نہیں بلکہ اعتماد، شفاف قانونی عمل اور ادارہ جاتی مضبوطی کے ذریعے دینا چاہیے۔ ملکی عدالتی اور سیاسی معاملات کا فیصلہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ہونا چاہیے، نہ کہ لندن کے اسٹوڈیوز یا بین الاقوامی دباؤ والے نیٹ ورکس میں۔

عارف آجاکیا کو معصوم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان کے بیٹوں کی اس سے قربت، جمائما گولڈ اسمتھ کی مداخلت، زیک گولڈ اسمتھ کا معاملہ اٹھانا، اور بین الاقوامی میڈیا کی مسلسل رپورٹنگ یہ ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان کے اداروں، عدالتوں اور ریاستی وقار کو عالمی سطح پر متنازع بنانے کی ایک منظم بیانیاتی کوشش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp