امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 14 اور 15 مئی کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس نے باضابطہ اعلان کر دیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ صدر ٹرمپ بیجنگ میں شی جن پنگ کے ساتھ اہم ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ طویل عرصے سے متوقع ملاقات سمجھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اور شی جن پنگ کی جنوبی کوریا میں ملاقات، تجارتی جنگ میں سیز فائر کی امید
یہ دورہ اصل میں اگلے ہفتے ہونا تھا تاہم امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق چینی قیادت نے شیڈول میں تبدیلی کی ضرورت کو سمجھا۔
چینی صدر بھی امریکا کا دورہ کریں گے
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق مستقبل میں شی جن پنگ بھی امریکا کا دورہ کریں گے، جہاں صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ واشنگٹن میں ان کا استقبال کریں گے۔ اس دورے کی حتمی تاریخ بعد میں اعلان کی جائے گی۔
دونوں رہنماؤں کی آخری بالمشافہ ملاقات اکتوبر 2025 میں جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی، جہاں تجارتی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کملا ہیرس یا ٹرمپ، امریکا کی چین پالیسی نہیں بدلے گی
ماہرین کے مطابق یہ دورہ امریکا اور چین کے تعلقات میں اہم پیشرفت ثابت ہوسکتا ہے، خاص طور پر تجارت، ٹیکنالوجی اور عالمی سلامتی کے معاملات پر جاری مسابقت کے تناظر میں۔
یاد رہے کہ کسی امریکی صدر کا چین کا آخری دورہ 2017 میں ہوا تھا، جس کے بعد اب ایک بار پھر اعلیٰ سطحی سفارتی روابط بحال ہونے جارہے ہیں۔














