نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کمیٹی برائے نگرانی اور نفاذ برائے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد موجودہ مالی صورتحال میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کی افادیت کا جائزہ لینا تھا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں کفایت شعاری مہم کے باوجود اعلیٰ عدلیہ کے لیے کروڑوں روپے کی گاڑیاں کیوں خریدی جا رہی ہیں؟
اس موقع پر نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ نے پہلے سے منظور شدہ کفایت شعاری اقدامات کی وزارتوں اور صوبوں میں عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کی بہتر کارکردگی پر پیش رفت کو سراہا اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کو ہدایت دی کہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کریں، مقررہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھیں۔
مزید پڑھیں: کفایت شعاری مہم: صدر مملکت نے یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ کرنے کی منظوری دیدی
اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیر اقتصادی امور اور وزیر اطلاعات کے علاوہ معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز برائے آئی ٹی اور پیٹرولیم، صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر سینیئر حکام نے شرکت کی۔














