امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے چئیرمین رکن کانگریس ٹام سوازی اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاک امریکا تعلقات، دہشتگردی کے چیلنجز اور خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔
کانفرنس کے دوران شرکا کو گذشتہ 8 دہائیوں پر محیط پاک امریکا شراکت داری، پاکستان کے معاشی سفر اور ملک کے روشن مستقبل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
ٹام سوازی نے کہا کہ دہشتگردی خطے کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور پاکستان دنیا کو اس خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تنہا بوجھ اٹھا رہا ہے جسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مضبوط پاک امریکا تعلقات اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہونے کا اعادہ بھی کیا۔
مزید پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کو اپنا کردار سہولت کار سے مصالحت کار تک بڑھانا چاہیے، سابق سفیر ضمیر اکرم
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے بتایا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں مسلسل صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ پاکستانی عوام آج بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشتگردی کی قیمت پاکستانی عوام اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں۔
سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری ہمیشہ نتیجہ خیز رہی ہے اور پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ بلوچستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی وجہ سے علاقے کی ترقی متاثر ہوئی ہے۔
ٹام سوازی نے کہا کہ پاک امریکا دوطرفہ تعلقات میں گزشتہ ایک سال میں بہتری آئی ہے اور اس مثبت پیشرفت کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے معاشی سرمایہ کاری سب سے مؤثر ذریعہ ہے اور پاکستان اپنے جغرافیائی محل و قوع کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اہمیت رکھتا ہے۔
سفیر پاکستان نے موجودہ امریکا ایران تنازعے میں پاکستان کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اس سلسلے میں ملک کا موقف واضح کیا ہے اور پاکستان دیگر دوست ممالک کی ہمراہی سے مسئلے کے پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: امریکا میں چینی روبوٹس پر پابندی کے لیے قانون سازی کی تیاری
کانفرنس میں پاکستانیوں کو امریکی ویزے کے حصول میں پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے سوال کے جواب میں رکن کانگریس ٹام سوازی نے کہا کہ وہ ریپبلکن اراکین کے ساتھ مل کر حل تلاش کریں گے اور انتظامیہ کو خط لکھنے پر غور کریں گے۔
پاکستانی اور بھارتی تعلقات کے بارے میں ٹام سوازی نے کہا کہ اپنے حلقے میں دونوں ممالک کی کمیونٹی موجود ہے اور تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ سفیر پاکستان نے بھی کہا کہ پاکستان خطے میں باوقار اور پائیدار امن کا خواہاں ہے اور بامعنی ڈائیلاگ کا متمنی ہے۔














